لاہور۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب رائو سردار علی خان نے کہا ہے کہ تھانہ پولیسنگ کی بنیادی اکائی ہے جسے شہریوں کیلئے حقیقی معنوں میں ریلیف سنٹر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے اوراس سلسلے میں سپر وائزری افسران کا کردار کلیدی حیثیت کا حامل ہے لہذا تمام سپر وائزری افسران تھانوں کے محکمانہ امور میں بہتری اور روایتی پولیس کلچر کے خاتمے کیلئے خود فیلڈ میں نکلتے ہوئے انسپکشنز اور کلوز مانیٹرنگ پر بطور خاص توجہ دیں ۔
انہوں نے مزیدکہاکہ شہریوں کے ساتھ بد تمیزی ، بدسلوکی یا غیر ذمہ دارانہ رویہ رکھنے والے افسران و اہلکاروں کو تھانوں میں تعینات نہ کیا جائے ،انہوں نے مزیدکہاکہ ایس پی ڈولفن یقینی بنائیں کہ ڈولفن اور پیروصرف فرسٹ رسپانڈرفورس کا کام کریں اور انہیں سڑکوں پر ناکہ بندی کی اجازت ہرگز نہ دی جائے جبکہ سب انسپکٹر سے کم رینک کا افسرکہیں بھی ناکہ نہیں لگائے گا، یہ ہدایات انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں تھانوں کے امور میں بہتری اور بچوں سے متعلقہ جرائم کی روک تھام بارے پہلے محکمانہ اجلاس کی صدارت کے دوران افسران کو جاری کیں ۔