شہروں میں دہشت گردوں کے سلیپر سیل بھی ختم کریں گے : آرمی چیف جزل راحیل شریف
اسلام آباد (ما نیٹرننگ ڈیسک ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا اور وہاں جاری پریشن ضرب عضب کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں کے ساتھ ساتھ شہری علاقوں میں بھی دہشت گردوں کے سلیپر سیلز ختم کئے جائیں گے۔ آرمی چیف نے میران شاہ میں یونس خان کرکٹ سٹیڈیم اوربازارکا افتتاح بھی کردیا۔ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا اور مصروف ترین دن گزارا۔ آرمی چیف پہلے شوال پہنچے جہاں پر انہیں آپریشن کے آخری مرحلے بارے بریفنگ دی گئی۔
نجی ٹی وی 92 نیوز کے مطا بق آرمی چیف کو بتایا گیا کہ شمالی وزیر ستان کے 650 مربع کلومیٹر کے علاقے میں سے دہشت گردوں کا صفایا کر دیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ علاقے جلد کلیئر کرا لئے جائیں گے۔ آرمی چیف نے آپریشن میں شریک جوانوں کو داد دیتے ہوئے کہا کہ قبائلی علاقوں کے ساتھ ساتھ شہری علاقوں میں موجود دہشت گردوں کے سلیپر سیلز ختم کئے جائیں گے۔ آرمی چیف نے شوال کے بعد میران شاہ کا دورہ کیا اور قبائلی عمائدین سے ملاقات کی۔
قبائلی عمائدین نے آرمی چیف سے علاقے میں بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا جس پر آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج قبائلی علاقوں میں دیگر سہولیات کے ساتھ ساتھ بہتر تعلیم سہولیات کی فراہمی فوج کی اولین ترجیح ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ قبائلی علاقوں نے آئی ڈی پیز کی بروقت اور باعزت واپسی فوج کی ترجیحات میں شامل ہے۔
آرمی چیف نے سابق ٹیسٹ کرکٹر یونس خان کے ہمراہ کرکٹ سٹیڈیم کا افتتاح کیا جو یونس خان کے نام سے منسوب کیا گیا۔ آرمی چیف نے میرانشاہ میں بازار کا بھی افتتاح کیا جو آپریشن کے دوران تباہ ہو گیا تھا۔ انہوں نے بازار کی تعمیر میں آرمی انجینئرز کی کاوششوں کا سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بازار میں موجود دوکانیں جلد مقامی تاجروں کے حوالے کر دی جائیں گی۔