راجن پور (صبح پا کستان )ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کا بھارت کو دو ٹوک جواب پاکستانی عوام کے جذبات کی حقیقی معنوں میں ترجمانی ہے۔پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح حکومت اور افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے ۔ہم بھارت کی گیدڑ بھبھکیوں سے ڈرنے والے نہیں۔بھارت ہوش کے ناخن لے ورنہ پچھتاوے کے سوا کچھ نہیں رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت جنگی جنون کو ہوا نہ دے ، حملہ کرنے کی جرات کی تو نام ونشان مِٹ جائے گا۔کشمیریوں کے دل میں ہندوستان سے نفرت کے سوا کوئی جذبہ نہیں۔بھارت نے کشمیر میں نفرت کا جو بیج بویا ہے وہ تنا وردرخت بن چکاہے ، اب وہ کاٹے۔بھارت کو یہ ذہن نشین کر لینا چاہیے کہ پاکستان میں نڈر اور بے باک قیادت کی حکومت ہے جو دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتی ہے اور سب سے بڑھ کر حکومت ، افواجِ پاکستان اور پوری قوم یکجا ہے۔ڈپٹی سپیکر نے مزید کہا کہ ہم سے کوئی امن کی بات کرے گا تو ہم امن سے بات کریں گے اور اگر جنگ کی بات کرے گا تو ہم جنگ کی بات کریں گے۔پوری دنیا جانتی ہے کہ کشمیر اور ہندوستان میں بسنے والے مسلمانوں پر ظلم وستم ڈھایا جا رہا ہے اور خود بھارت شرافت کا لبادہ اوڑھ کر عالمی برادری کے سامنے اپنے آپ کوپُر امن ملک ثابت کرنے کی ناکام کوشش کرتا ہے جو کہ ہندوستان میں بسنے والے مسلمانوں اور کشمیری عوام کے ساتھ بھونڈا مذاق اور ظلم ہے۔بھارت اس خطے میں اپنی چودھراہٹ کو قائم کرنے کے لیے طاقت کے توازن کو خراب کر رہا ہے جبکہ پاکستان ایسی جھوٹی چودھراہٹ جو لاکھوں مسلمانوں کے خون بہا پر قائم ہو کو نہیں مانتااورپاکستان ہر سطح پر اس کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتاہے، پاکستان برابری کی سطح پر جامع مذاکرات کے لیے ہر وقت تیار ہے۔بھارت کو بھی چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق حل کرے۔