راجن پور( صبح پا کستان ) مستحق اور غریب افراد کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنا بھی عبادت ہے، ان کی مالی امداد کرنے سے روح کو تسکین ملتی ہے ۔یہ باتیں ڈپٹی کمشنر راجن پور اشفاق احمد چوہدری نے آج سوشل ویلفیئر کے دفتر میں قطر چیریٹی کے تعاون سے رمضان پیکج تقسیم کرتے ہوئے کہیں۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شازیہ نواز ،قطر چیریٹی کے نمائندہ نعمان خان بھی موجود تھے۔ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شازیہ نواز نے بتایا کہ یہ راشن بیگ جس میں مختلف کھانے کی چیزیں ہیں یہ ان غریب ،نادار اور خصوصی افراد میں تقسیم کئے جا رہے ہیں۔جن کی آمدنی نہ ہونے کے برابر ہے ۔قطر چیریٹی کے نمائندہ نعمان خان نے بتایا کہ یہ 573راشن بیگ پورے ضلع میں تقسیم کئے جا رہے ہیں۔آج 174افراد کو سوشل ویلفیئر کے دفتر میں تقسیم کئے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذہبی تہوار پر مستحق افراد کو ریلیف فراہم کرنا بھی نیکی کا کام ہے۔مستحق افراد بھی امداد ملنے کے بعد تہواروں کو جوش و خروش سے منا سکتے ہیں ۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مستحق افراد کو بیت المال کے ذریعہ امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ مستحق افراد کو امداد دیتے وقت بھکاری نہ سمجھا جائے بلکہ اخلاقی اقدار کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی عزت نفس کا بھی خصوصی خیال رکھا جائے۔