راجن پور(مانیٹرنگ ڈیسک)انتخابات کے دنوں میں شادی کرنا مہنگا پڑ گیا،پنجاب پولیس نے انتخابات کی سرگرمیوں کے لیے دولہا کی گاڑی چھین لی۔
ہم نیوز کے مطابق راجن پور میں پولیس نے انتخابی سرگرمیوں کے لیے دولہا کی گاڑی چھین لی۔ اس ظلم پر باراتیوں نے شدید احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی۔پنجاب پولیس کے کارنامے کی بدولت دلہن لینے جانے والے باراتی مظاہرہ و احتجاج کرنے میں مصروف ہوگئے اور حنا سے سجی دلہن ’انتظار‘ کی سولی پہ لٹکتی رہ گئی۔شدید غم و غصے کا شکار دولہا اور باراتیوں نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب پروفیسر حسن عسکری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پولیس کو اس قسم کے ظالمانہ اقدام سے روکیں۔دولہا اور باراتیوں نے اپنی گلو خلاصی کرانے کا بھی نگراں حکومت سے مطالبہ کیا ہے۔25 جولائی کو پاکستان میں عام انتخابات منعقد کیے جارہے ہیں جس کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے الیکشن مہم جاری ہے۔سیکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے اقدامات کررہے ہیں۔ پنجاب پولیس کی جانب سے یہ منفرد واقعہ ہے جس نے ظلم و زیادتی کی نئی تاریخ رقم کردی ہے۔