راجن پور(صبح پا کستان ) ڈپٹی کمشنر ذوالفقارعلی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں توسیع کے بعد حکومتی احکامات پر عملدرآمد کرانے میں تمام محکمے اپنا فعال کردار ادا کررہے ہیں۔ لوگوں کو چاہیے کہ حکومتی جاری کردہ احکامات پر پوری طرح عمل درآمد کریں۔
یہ باتیں انہوں نے گذشتہ شام راجن پور میں محکمہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے فلیگ مارچ کی قیادت کرتے ہوئے کیں۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کارونا وائرس کو شکست دینے کے لیے اپنے گھروں میں رہیں۔ کیونکہ کارونا تب تک ان کے پاس نہیں آئے گا جب تک آپ خود لینے اُسے اپنے گھروں سے باہر نہیں جائیں گے۔ انہو ں نے مزید کہا کہ اپنی جسمانی صفائی کے ساتھ ساتھ اپنے اردگرد کے ماحول کی صفائی کو بھی یقین بنائیں۔ اپنے پیاروں سے میل جول کم سے کم رکھیں، بلاضرورت اپنے گھروں سے باہر نہ جائیں اور ضروری جگہوں پر معاملات ِ زندگی نبھانے میں سماجی فاصلہ کو ہر صورت قائم رکھیں تاکہ کارونا وائرس کا خاتمہ کیا جاسکے۔