راجن پور( صبح پا کستان )جسٹس لاہور ہائی کورٹ لاہور اسجد جاوید نے راجن پور کا دورہ کیا ۔ اس دوران سیشن کورٹ آمد پر انہیں پولیس کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔
جسٹس لاہور ہائی کورٹ لاہور اسجد جاوید نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجن پور محمد ابراہیم اصغر کے ہمراہ سیشن کورٹ کے لان میں پودا بھی لگایا ۔ بعد ازاں انہوں نے ججز کے ساتھ میٹنگ کی ۔ انہوں نے تمام ججز کو ہدایت کی کہ تمام فیصلے میرٹ پراور جلد از جلد کئے جائیں ۔ بعد ازاں انہوں نے محافظ خانہ سیشن کورٹ کا معائنہ کیا اور ’’پولیس خدمت مرکز‘‘ کا افتتاح کیا ۔ ’’پولیس خدمت مرکز‘‘ کا معائنہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سنٹر میں کام کرنے والے ملازمین آنے والے سائلین کی مشکلات کو کم کریں ان کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں ۔ ان کے لئے بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں ۔ راجن پور دورہ کے دوران انہوں نے ڈسٹرکٹ جیل کا بھی معائنہ کیا ۔ قبل ازیں جسٹس لاہور ہائی کورٹ لاہور اسجد جاوید نے حضرت خواجہ غلام فرید کے دربار پر حاضری دی ،پھولوں کی چادر چڑھائی اور دعا کی ۔ کوٹ مٹھن شریف دریائے سندھ کے مقام پر کھڑے بحری جہاز انڈس کوئین کا دورہ کیا ۔ یہ انڈس کوئین حضرت خواجہ غلام فرید کو نواب صادق کی جانب سے تحفہ میں دیا گیا تھا ۔ جسٹس لاہور ہائی کورٹ لاہور اسجد جاوید ڈسٹرکٹ بار راجن پور کی دعوت پر ایک منعقدہ تقریب میں بھی شرکت کریں گے ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجن پور محمد ابراہیم اصغر،ڈپٹی کمشنر احمر نائیک ،ڈی پی او محمد افضل،ایڈیشنل سیشن ججز،سینئر سول ججز ،سول ججز ،صدر اور جنرل سیکریٹری بار راجن پور بھی موجود تھے ۔