ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان) ڈپٹی کمشنر اللہ رکھا انجم نے کہا ہے کہ یوم پاکستان کے موقع پر ایسے پروگرام پیش کیے جائیں جس سے نوجوان نسل میں وطن سے محبت کا جذبہ پروان چڑھے . طلبہ اپنی تقریروں اور ملی نغموں میں قائد اعظم ؒ اور علامہ اقبال ؒ کے پیغامات و فرمودات کو اجاگر کریں . انہوں نے یہ بات یوم پاکستان کے حوالے سے پروگراموں کو حتمی شکل دینے کے سلسلے میں بلائے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل میاں محمد اقبال مظہر، چیف ایگزیکٹو آفیسر تعلیم عبدالغفار لنگاہ ، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر فاروق احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز مظہر حسین گشکوری، محکمہ پولیس ، صحت ، میونسپل کارپوریشن ، ریسکیو 1122کے علاوہ دیگرمتعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی . ڈپٹی کمشنر کو بتایاگیا کہ ضلع ڈیرہ غازیخان میں یوم پاکستان کی تقریبات شایان شان اور ملی جذبہ سے منانے کیلئے مختلف محکموں کے پروگراموں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے . اس سلسلے میں مرکزی تقریب 23مارچ کو صبح آٹھ بجے ڈی جی خان آرٹس کونسل میں منعقد ہوگی جس میں ارکان اسمبلی کے علاوہ ضلعی انتظامیہ ،پولیس ، چیئرمین ضلع کونسل ، میونسپل کارپوریشن کے میئر و ڈپٹی میئر اور یونین کونسلوں کے چیئرمینوں کے علاوہ تعلیمی اداروں کے سربراہان ، اساتذہ اور طلباؤطالبات شرکت کریں گے جبکہ اس سلسلے میں پروگراموں کی ریہرسل 22مارچ کو صبح دس بجے کی جائے گی. . ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل کے
چیف افسروں کو ہدایت کی کہ وہ اربن و رورل ایریاز میں یوم پاکستان کے حوالے سے بینرز ، سٹیمرز لگائیں اور اس روز شہر کو صاف ستھرا بنانے کیلئے تمام دستیاب مشینری و عملہ کو استعمال کریں محکمہ پولیس ، سپیشل برانچ اور سول ڈیفنس عملہ مرکزی تقریب کی جگہ کی سرچنگ و سوئپنگ سمیت فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں. . ڈی سی نے کہاکہ وہ 22مارچ کو سہ پہر شہر کا دورہ کر کے صفائی کو چیک کریں گے تمام محکمے یوم پاکستان کی تقریبات کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں .