لیہ ۔(صبح پا کستان )یوم پاکستان کے حوالے سے گورنمنٹ بوائز ایم سی سکول میں تقریب منعقدہوئی۔
تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر خالدپرویز تھے۔تقر یب میں اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر توکل حسین،سینئرہیڈمسٹریس شاہینہ فرید ملغانی،اسسٹنٹ ڈائریکٹرتعلیم مہرعبدالمجید،ضلع بھر کے افسران تعلیم ،طلباءطالبات موجودتھے۔تقریب سے قبل پرچم کشائی کی گئی اس موقع پر قومی ترانہ پیش کیا گیا۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت سے کیاگیا۔تقریب میں طلبہ نے ملی نغمے ،علاقائی و ثقافتی ٹیبلوزاورتقاریر کرکے حاضرین سے خواب دادسمیٹی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خالدپرویز نے کہاکہ عدم برداشت کے رویے ملک کو کھوکھلاکرنے کا سبب بنتے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ برداشت ،محبت ،بھائی چارے اور امن کے پیغام کوعام کریں اور وطن عزیز کو حقیقی معنوں میں قائد اور اقبال کا پاکستان بنائیں۔انہوں نے کہاکہ یوم پاکستان منانے کا بنیادی مقصد تجدید عہدکرنا ہے کہ پاکستان لازوال قربانیوں کا ثمر ہے اور اس کی حفاظت ہمارا اولین فریضہ ہے یوم پاکستان ایک آزاد وطن حاصل کرنے کی بنیاد تھا جو سات سالوں کی شبانہ روز محنت کے بعدایک آزاد وطن حاصل کیا اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ پاکستان کو اقوام عالم میں امن کا گہوارہ بنائیں۔ڈی ای او توکل حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی بڑی نعمت ہے طلباءوطالبات کو بزرگوں کی قربانیوں یاد رکھنی چاہیے قرارداد پاکستان کا دن ہمیں نیک نیتی اور ایمانداری سے کام کرنے کے عہد کی یاد دلاتا ہے۔ڈپٹی کمشنر خالد پرویز نے بہترین تقریب کے انعقاد پر سکول انتظامیہ کی اور طلبہ کی شاندارپرفارمنس کو کاوشوں کو سراہا۔تقریب کے آخر میں ملکی سلامتی اور استحکام پاکستان کے لیے دعاکی گئی ۔