لاہور ۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پولیس پر حملے کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور تحریک انصاف کے صدر پرویز الٰہی کی ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے پرویز الٰہی کی 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی۔
” جیو نیوز ” کے مطابق لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پرویز الٰہی کے گھر چھاپے کے دوران مزاحمت اور پولیس پر حملے سے متعلق تھانہ غالب مارکیٹ میں درج مقدمے میں پی ٹی آئی صدر کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی ۔
پرویز الٰہی نے مؤقف اختیار کیا کہ غالب مارکیٹ پولیس نے پولیس پارٹی پرحملہ کرنےکا بے بنیاد الزام لگایا، پولیس پارٹی پرپیٹرول بم پھینکنےکا الزام بھی مقدمے میں لگایا گیا ہے، پولیس نے سیاسی انتقام کا نشانہ بنانےکےلیے جھوٹا مقدمہ درج کیا۔پرویز الٰہی نے استدعا کی کہ ٹرائل کےحتمی فیصلے تک ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی جائے۔
عدالت نے اس مقدمے میں پرویز الٰہی کی 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی۔