لیہ۔( صبح پا کستان )صوبائی وزیر برائے توانائی ڈاکٹرمحمداخترملک نے کہاہے کہ پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔حکومت کی مثبت پالیسیوں کے بدولت آج پاکستان میں ہر سیکٹر میں بہتری آ رہی ہے۔ بلخصوص تعمیراتی اور ٹیکسٹائل شعبے میں ترقی کے عمل کا آغاز ہو چکا ہے۔کاشتکاروں کو ا±ن کی اجناس کے مناسب دام مل رہے ہیں۔مہنگائی کی بین الاقوامی لہر نے ہر ملک اور طبقہ کو متاثر کیا ہے۔ حکومت کو ملازمین کے مسائل کاادراک ہے آئندہ بجٹ میں ملازمین کو بڑا ریلیف دیں گے۔انہوں نے یہ بات ضلعی نومنتخب ایپکا کے عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔
تقریب میں اے ڈی سی آراشفاق حسین سیال، چیئرمین ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیزکمیٹی ملک نویدگجرایڈووکیٹ ، سابق صدر بار حبیب اللہ گرواں ،صدرانجمن تاجران ملک مظفر اقبال دھول، ضلعی افسران ،سیاسی و سماجی شخصیات ،میڈیا نمائندگان اور ایپکاکے کارکنان کی بڑی تعداد موجودتھی۔ صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹرمحمداختر ملک نے کہاکہ گزشتہ حکومت نے ذاتی مفادات کے لئے پنجاب کو 13سو ارب روپے کا مقروض کیا اور جاتے ہوئے خزانہ خالی کیا حتی کہ حکومت کے چیک ڈس آنرہوتے رہے اور عملی طور پر صوبہ مفلوج ہو کر رہ گیا۔ ہم نے اقتدار میں آکر معیشت کو استحکام دیااور عوام کا پیسہ نیلی پیلی سکیموں ،مالٹاٹرینوں پر خرچ کرنے کی بجائے عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا۔ انھوں نے کہا کہ مختصر وقت میں ہماری حکومت نے 21 نئی یونیورسٹیاں اور ،30نئے ہسپتال بنائے جس سے ساری عوام براہ راست استفادہ حاصل کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے پنجاب بھر میں ممبران اسمبلی کی سفارش کے بغیر37ہزار اسکول اپ گریڈکیے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عوام کو صحت کارڈ ،احساس راشن کارڈکے ذریعے براہ راست مدد مل رہی ہے جس میں کمیشن نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔صوبائی وزیرنے کہا کہ پاکستان کو
گروی رکھنے والے خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور سے ناشتہ اسلام آباد منگواتے تھے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی کوئی عزت نہ تھی۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان اپنا لندن میں واقع مکان فروخت کرکے پاکستان لے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کلرک ایسویسی ایشن کے جائزمسائل کے حل کے لئے وزیراعلی کے پاس اِن کا وکیل بن کر جاوں گا۔تقریب سے معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب سیدرفاقت علی گیلانی نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ کلرکس سرکاری دفاترمیں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں یقینا مہنگائی نے ملازمت پیشہ طبقات کو متاثر کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا ایپکا کے جائز مطالبات کو ہرصورت پوراکریں گے۔تقریب سے مرکزی صدر ایپکا سیدفضل غفارباچہ، مرکزی جنرل سیکرٹری فخر الرحمان اظہر، صوبائی صدرپنجاب شفقت رسول ، صوبائی صدر کے پی کے وزیرزادہ،سابق ایم پی اے چوہدری اصغر علی گجر ، چیئرمین الہی بخش جوتہ اور نومنتخب صدر شعیب جیلانی دھول نے بھی خیالات کا اظہار کیا۔قبل ازیں صوبائی وزیرتوانائی ڈاکٹرمحمداختر ملک اور معاون خصوصی سیدرفاقت علی گیلانی نے نومنتخب عہدےداروں سے حلف لیااور انہیں مبارک باد دی۔تقریب کی نظامت کے فرائض مہرنوید نے انجام دیے۔