لیہ( صبح پا کستان )صوبائی وزیر ترقی نسواں پنجاب آشفہ ریاض فتیانہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیہ کے چلڈرن وارڈ میں ڈے کیئر سنٹر کا افتتاح کر دیا ۔ سیکرٹری ترقی نسواں پنجاب عنبرین رضاہمراہ تھیں ۔ صوبائی وزیر ترقی نسواں آشفہ ریاض فتیانہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پنجاب خواتین کی فلاح وبہبود کے لیے گراں قدر اقدامات اٹھارہی ہے تاکہ انہیں مضبوط بنا کر قومی معیشت کے دھارے میں لایا جاسکے ۔
انہوں نے کہاکہ خواتین کی ملازمت کی عمر میں 8سال کے لئے رعایت دی گئی ہے جبکہ خواتین پر تشدد کے انسداد کے لئے سخت قوانین بنائے جارہے ہیں صوبائی وزیر آشفہ ریاض فتیانہ نے کہا کہ ملکی ترقی میں ہماری خواتین اپنی بہترین خدمات انجام دے رہی ہیں یہی وجہ ہے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں وہ نمایاں مقام پر نظر آرہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبہ میں 221 ڈے کئیر سنٹر قائم کئے گئے ہیں جو ملازمت پیشہ خواتین کے لئے ایک بڑی سہولت ہیں جبکہ سنٹر میں بچوں کی تفریح طبع کے لئے کھلونے اور دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں ۔ صوبائی وزیر آشفہ ریاض فتیانہ نے مزید کہا کہ خواتین کے حقوق و فراءض بارے ڈیجیٹل میگزین شاءع کیاجارہا ہے خواتین کو معلومات کی فراہمی کے لیے ٹال فری نمبر1043کی سروس ہمہ وقت فراہم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر ڈے کئیرسنٹر میں چیزوں کی حفاظت کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے ڈے کیئر سنٹر اور چلڈرن وارڈ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور اسے اسٹیٹ آف دی آرٹ قرار دیا ۔ صوبائی وزیر آشفہ ریاض فتیانہ نے ہسپتال کے عملے کو شیلڈز دی اور ان کی حوصلہ افزائی کی ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اشفاق حسین سیال،اسسٹنٹ کمشنر شیزہ رحمان، سی ای او صحت ڈاکٹر امیرعبداللہ سامٹیہ،ایم ایس ڈاکٹر صائمہ بتول سمراء ودیگر موجود تھے ۔