لیہ( صبح پا کستان )معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب سید رفاقت گیلانی نے ضلع لیہ میں وزیر اعظم باہمت بزرگ پروگرام کا افتتاح کر دیا۔سوشل ویلفیئر کمپلیکس میں منعقدہ تقریب میں مستحق بزرگ خواتین میں کارڈ تقسیم کر دئے گئے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اشفاق حسین سیال، چیئرمین بیت المال مہر خالد مسعود تھند اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر مشتاق حسین بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی رفاقت علی گیلانی نے کہا کہ وزیر اعظم کے پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہونا شروع ہوگیا ہے۔دھرتی کا بیٹا وزیر اعلی عثمان بزدار فلاحی ریاست کے لئے ہر ممکن کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بزرگ شہری ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں ان کو ماہانہ وظیفہ کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے جس کے لئے بزدار حکومت نے ابتدائی طور پر 2 ارب روپے مختص کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں مزید بزرگ مستحقین کو اس پروگرام کا حصہ بنایا جائے گا اور وظیفہ کی رقم میں اضافہ کے لئے وزیر اعلی کو سفارشات پیش کی جائیں گی۔اے ڈی سی جی اشفاق حسین سیال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی طرف سے بزرگ شہریوں کی کفالت کا پروگرام ایک احسن اقدام ہے جس میں میرٹ اور شفافیت کی بہترین مثال قائم کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بزرگ شہری باعزت اور بابرکت ہوتے ہیں اور ان کی دلجوئی ہی درحقیقت فلاحی ریاست کا پہلا زینہ ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر مشتاق حسین نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 65 سال یا اس سے زائد عمرکی خواتین اس پروگرام کی مستحق ہیں۔ ضلع کی 14سو 22 بزرگ خواتین کو کارڈ فراہم کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ تحصیل لیہ کی 602،کروڑ کی 549 جبکہ چوبارہ کی 271 بزرگ خواتین کی رجسٹریشن کی گئی ہے