لیہ(صبح پا کستان)لیہ وویمن چیمبر آف کامرس کی جانب سے تقریب کا انعقاد، صدارت صدر چیمبر شکیلہ بانو نے کی، IBA کے نمائندہ کی خواتین کو کاروبار کیلئے رہنمائی، خواتین کیلئے چیمبر آف کامرس خوش آئند ہے،ڈسٹرکٹ منیجر ٹیوٹا، خواتین چیمبر آف کامرس کے ذریعے بہتر روزگار کے مواقع حاصل کر سکتی ہیں: سینئر نائب صدر چیمبر مثل زینب تفصیل کے مطابق لیہ وویمن چیمبر آف کامرس کی جانب سے گورنمنٹ ٹیکنیکل کالج لیہ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں خواتین اور طالبات نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت وویمن چیمبر آف کامرس کی صدر شکیلہ بانو نے کی۔ جبکہ مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ منیجر ٹیوٹا ملک فاروق اعوان تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی کے نمائندہ آزاد حسین نے خواتین کو بہتر کاروبار اور منافع کے متعلق رہنمائی فراہم کی۔ آزاد حسین نے اپنے ادارے کی جانب سے خواتین کو کاروباری ٹریننگ اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ سماجی رہنما عمران شاہ نے خواتین کے بنیادی مسائل اور ان کے حل کے بارے بتایا۔ انہو ں نے بتایا کہ خواتین کن اصولوں کے تحت باعزت کاروبار کر سکتیں ہیں اور آنے والی مشکلات کو کیسے حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین لیہ جیسے پسماندہ علاقہ میں خواتین کس طرح کاروبار کر کے بہتر روزگار کا موقع حاصل کر سکتی ہیں۔ صدر چیمبر آف کامرس شکیلہ بانو اور سینئر نائب صدر مثل زینب نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لیہ میں خواتین اور مردوں کیلئے کوئی چیمبر آف کامرس نہ ہے جبکہ انہوں نے کوشش کر کے لیہ میں وویمن چیمبر آف کامرس کی بنیاد رکھی ہے انہوں نے بتایا کہ خواتین مردوں کے ساتھ کاروبار میں مشکلات محسوس کرتی ہیں اور ان کے لئے الگ چیمبر بنائے گئے ہیں اسی تناظر میں ہم نے لیہ میں خواتین کیلئے چیمبر قائم کر دیا ہے جہاں خواتین کاروبار سے متعلق مکمل رہنمائی حاصل کر سکتی ہیں اور آنے والی مشکلات کو حل کیا جائیگا۔ مثل زینب نے بتایا کہ ہم خواتین کیلئے ورکشاپس اور ٹریننگ کا اہتمام کریں گے اور خواتین کو باعزت کاروبار تک مکمل رہنمائی کرینگے۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین گھروں میں زنگ آلود ہونے کی بجائے مردوں کے برابر کاروبار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور اپنی اس صلاحیت کو اب چیمبر آف کامرس کے ذریعے روزگار کیلئے استعمال کریں گی۔ ڈسٹرکٹ منیجر ٹیوٹا ملک فاروق اعوان نے لیہ میں وویمن چیمبر آف کامرس کو خوش آئند قرار دیااور عہدیداران چیمبر آف کامرس کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ ان کا لیہ کیلئے بہت بڑا کارنامہ ہے۔ انہوں نے تقریب میں شریک خواتین کو کہا کہ وہ چیمبر آف کامرس کا حصہ بنیں اور کاروبار کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ لیہ میں ٹیوٹا اور چیمبر آف کامرس مل کر یہاں کی خواتین کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں بھرپور کردار ادا کرینگے۔ جس سے لیہ کی خواتین کاروبار کو مزید فعال اور بہتر کر سکیں گی۔ آخر میں صدر وویمن چیمبر آف کامرس نے تقریب میں شریک تمام مردو خواتین کا شکریہ ادا کیا۔