لیہ(صبح پا کستان)ممبر سنٹرل ورکنگ کمیٹی تحریک استقلال پاکستان انجم صحرائی نے ادویات کی قمیتوں میں ہوشربا اضافہ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی توقعات کے برعکس فیصلے کرکے عوام کی مشکلات میں بے جا اضافہ کررہی ہے،
انہوں نے کہا کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں پہلے ہی عوام کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں جبکہ اب زندگی بچانے کی ادویات کی قیمتوں میں 9فیصدسے 265فیصد اضافہ کرکے انسانوں کو زندہ درگور کرنے کی پالیسی اپنائی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے عوام کو سہانے خواب دیکھا کر ایک اور دنیا میں پہنچانے کے درپئے ہیں،انہوں نے موجودہ حکومت اور اپوزیشن پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر بلاجواز موضوعات پر بحث مباحثہ کرکے عوام کو گمراہ کرنے کی مذموم شازش کررہے ہیں عوام کی مشکلات و مسائل پر کسی بھی سیاسی جماعت و حکومت کا فوکس نہیں ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ برسر اقتدار طبقہ اپنے شاہانہ اخراجات کم کرکے ادویات اور اشیائے ضروریہ کی ہوشربا قیمتوں میں اضافہ کے فیصلہ کو فوری واپس لیا جائے اگر حکومت نے قیمتوں میں اضافہ کے فیصلہ کو واپس نہ لیا تو عوام کے غیض و غضب سے نہیں بچ سکیں گے۔