اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کا حالیہ موسلادھاربارشوں سے متعلق کہنا ہے کہ بزدار حکومت نے مون سون سے قبل کوئی پلاننگ نہیں کی۔
حمزہ شہباز نے اپنے ایک بیان میں موجودہ پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدارصاحب پورا پنجاب بارشوں اورسیلاب کی زد میں ہے، آپ انجوائے کر رہے ہیں، شہبازشریف کا پنجاب آج سیاسی نابالغ اور ناتجربہ کاروں کے رحم کرم پر ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی بنائی بڑی سڑکوں کا دورہ کر کے مسائل حل نہیں ہوتے، لاہور کی سڑکیں ندی نالوں کامنظر پیش کررہی ہیں، اندرون شہر مکمل ڈوب گیا۔
حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نوازشریف، شہباز شریف کی ٹیم نےدن رات محنت کر کے پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈالا تھا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ واسا، ضلعی انتظامیہ سمیت حکومتی مشینری کہیں نظر نہیں آرہی، میڈیا پنجاب کے اصل حالات دکھا رہا ہے۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ اگر تیاری کی جاتی تو آج پنجاب میں یہ حالات نہ ہوتے، رائے ونڈ میں امام مسجد جاں بحق ہوئے، چوبرجی میں چھت گری اور آپ لاتعلق ہیں، بارش کا پانی ڈینگی کی افزائش کا باعث بنے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ لانگ بوٹ اور کوٹ کی ضرورت پانی میں کھڑے ہونےکے لیے ہوتی ہے، لانگ ڈرائیومیں نہیں، بلند وبانگ دعوے کرنے سے کوئی لیڈر نہیں بن سکتا۔
حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ برائے مہربانی ذرا اندرون لاہور کا دورہ فرمائیں،آپ کو حالات کا اندازہ ہو سکے، حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کرنے والے ہی عوامی لیڈر تصور کیے جاتے ہیں۔