لاہور۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے معاشی نقصان کے باوجود نیا بجٹ حقیقت کے قریب تر ہے۔
پنجاب اسمبلی اجلاس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث چھ سو پینتیس ارب کا نقصان ہوا۔ احساس پروگرام کے تحت پینسٹھ ارب تقسیم کر چکے ہیں۔ ترقیاتی اخراجات میں پانچ ارب کا اضافہ جبکہ تعمیراتی شعبے کی بحالی کے لیے بھی خصوصی پیکج دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ 8 لاکھ ایکڑ پر انسداد ٹڈی دل سپرے کیا جا چکا ہے۔ اس سلسلے میں 25 تحصیل اور ڈسٹرکٹ کے ذاتی طور پر دورے کیے۔
حکومتی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 135 ارب روپے کی اراضی واگزار کرائی۔ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ماڈل بازار کا دائرہ کار ڈسٹرکٹ لیول تک بڑھایا جا رہا ہے۔ پولیس میں 10 ہزار کانسٹیبلز کی بھرتی کی منظوری دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے خرچے میں 35 فیصد کمی، اقلیتوں کیلئے فنڈز میں 6 گنا اور تعلیم کے شعبے کیلئے بجٹ میں 18 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
اسمبلی اجلاس کے دوران عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کا اعلان کیا جس کی حدود 16 اضلاع تک ہوگی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کا آفس ملتان جبکہ ایڈیشنل آئی جی کا بہاولپور میں قائم کیا جائے گا۔