لاہور۔ کورونا کی وبا خطرناک شکل اختیا ر کر گئی۔ موذی وائرس میو ہسپتال لاہور میں ایک اور مریضہ کی جان لے گیا۔
گھر میں رہیں، کورونا سے جاں بحق افراد کی تعدا د بڑھنے لگی۔ کورونا کی شکار بتیس سالہ مریضہ کو 3 اپریل کو میو ہسپتال لایا گیا۔ خاتون گردوں کے عارضہ میں بھی مبتلا تھی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر میو ہسپتال پروفیسر اسد اسلم نے بتایا کہ مریضہ گردوں کے شدید عارضہ میں مبتلا تھی اور اس کا کورونا ٹیسٹ بھی پازیٹو آیا۔ اس نے گردوں کا ڈائیلاسز کروانے سے انکار کیا جو اسکی موت کا سبب بن گیا۔ شہر میں کورونا وائرس سے 9افراد جاں بحق ہو گئے۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے 58 مزید کیس سامنے آنے سے تعداد 2188 ہو گئی۔695 زائرین سنٹرز، 657 رائے ونڈ، 58 قیدیوں، 756 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق کورونا وائرس سے اموات کی کل تعداد 17 ہو گئی۔ لاہور 9، راولپنڈی میں 4 ،گجرات، جہلم، فیصل آباد اور رحیم یار خان میں ایک ایک مریض جاں بحق ہوا۔ 8کی حالت نازک اور 35مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں ۔