ملتان۔ سول سوسائٹی فورم ملتان کے کنونیئر ڈاکٹر ہمایوں شہزاد احمد اور شاہد محمود انصاری نے کہا ہے کہ معاشرے میں سول سوسائٹی کے مثبت کردار کو اجاگر کرنے اور انسانی ہمدردی کے رویوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی سے وابستہ متحرک افراد کو منظم کرنے اور تربیت سازی کیلئے سالانہ سول سوسائٹی ایک روزہ کنونشن 5 فروری کو ملتان میں ہوگا،
اس موقع پر یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے کشمیر کانفرنس بھی منعقد ہوگی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سوسائٹی فورم ملتان کی جانب سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ سینئر رہنما امیر نواز ملک، ملک تصور حیات اور وقاص قریشی بھی ہمراہ تھے، ڈاکٹر ہمایوں شہزاد اور شاہد محمود انصاری نے مزید کہا کہ معاشرے میں پائیدار امن کے فروغ، اتحاد و یکجہتی، تدارک منشیات، صحت عامہ، تعلیم کے فروغ، خواتین و بچوں کے حقوق کے تحفظ اور شہری مسائل کے حل کیلئے سول سوسائٹی کو منظم کرنا وقت کا عین تقاضا ہے اس موقع پر گرین اینڈ کلین مہم کے حوالے سے بھی شعور و آگاہی کا سیشن منعقد ہوگا اور ساتھ ہی ساتھ سول سوسائٹی کے اراکین کیلئے تربیتی نشست بھی منعقد ہوگی۔