لیہ(صبح پا کستان) اکاونٹنٹ جنرل پنجاب میاں شجاع الدین ذکاء نے کہا ہے کہ اکاونٹس کے تمام معاملات کو مزید فول پروف بنانے اور جلد نمٹانے کے لئے الیکٹرونکس ٹوکن سسٹم کا اجراء کیاجارہا ہے جس سے پینشن،تنخواہوں،دیگر بلز کی فوری ادائیگی اور وصولیوں و ادائیگیوں کا ڈیٹا بلا تاخیر مرتب کرنے میں نمایاں مدد ملے گی۔یہ با ت انہوں نے ضلع لیہ کے دورہ کے دوران ڈسٹرکٹ اکاونٹس آفس کے معائنہ کے موقع پر کہی۔ڈسٹرکٹ اکاونٹس آفیسر عبداللہ عمر داؤدبزدار نے پینشن تنخواہوں،جی پی فنڈ،سرکاری بلوں کی ادائیگی اور مجموعی طور پر ادارے کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔اکاونٹنٹ جنرل پنجاب نے ٹوکن،جنرل برانچ،جی پی فنڈ برانچ،اکاونٹس برانچ اور خزانہ برانچ کا معائنہ کیا اور عملی طور پر پڑتال کے زریعے عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔عبداللہ عمرداؤد بزدار نے دفتر کی توسیع کے لیے بلڈنگ کی تعمیر،ضروری الیکٹرونک مشینری کی فراہمی کے بارے میں آگاہ کیا جس پر انہوں نے فوری طورپر فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی اور عملے کی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیا۔اکاونٹنٹ جنرل پنجاب میاں شجاع الدین ذکاء کی دفتر آمد پر پولیس بینڈ کے دستے نے سلامی پیش کی۔