لیہ( صبح پا کستان )ڈپٹی کمشنرذےشان جاوید نے کہا ہے کہ نوجوان طلبہ علم،تحقیق اور محنت سے ملکی اوربین الاقوامی سطح پر اپنا لوہا منوائیں ۔
کشمیرکی آزادی اورکشمیریوں کے حقوق کے لئے اقوام عالم کو مثبت دلائل کے ذریعہ قائل کیاجاسکتاہے جس کے لئے ہمیں اپنے اذہان علم کی دولت سے منور کرناہوں گے ۔ طلبہ پاکستان کاروشن مستقبل ہیں اورآپ ہی جدید علوم سے آراستہ ہو کر انڈیا کو ہر شعبہ میں مات دے سکتے ہیں ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بہاءوالدین زکریایونیورسٹی بہادرکیمپس لیہ میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اورجدوجہدآزادی کی تحریک کی حمایت کے موضوع پر منعقدہ سیمینارسے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سیمینار میں ایم پی اے محمد طاہر رندھاوا،ڈی پی اوعثمان اعجازباجوہ،ڈائریکٹرکیمپس ڈاکٹرحسن بچہ،اسسٹنٹ کمشنرز،اساتذہ،طلبہ اورمیڈیانمائندگان کی بڑی تعدادموجودتھی ۔
ڈپٹی کمشنرذیشان جاویدنے کہاکہ کشمیر پرانڈیاکاغاصبانہ قبضہ اوربین الاقوامی خاموشی صرف مفادپرستی ہے جوہندوستان کی معیشت سے جڑی ہے اوربھارت کے اس سٹیٹس کو ختم کرنے کے لئے ہمارے طلبہ کو تمام عصری علوم میں مہارت حاصل کرکے اس پوزیشن پرپہنچنا ہوگا کہ دنیا آپ کی طرف دیکھے اور آپ کی بات پر توجہ دے ۔ تقریب سے ایم پی اے محمد طاہررندھاوا نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے یواین او اجلاس میں کشمیرکامقدمہ جس اندازمیں پیش کیا آج تک کسی نے اس کی ہمت نہیں کی ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اس وقت اتحاد اوراتفاق کی ضرورت ہے تاکہ نہ صرف اپنے ملک بلکہ اپنے کشمیری بھائیوں کے لئے بھی کچھ کرسکیں ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عثمان اعجاز باجوہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ و ہ دن دور نہیں جب پاکستانی قوم کی تائید وحمایت سے کشمیرآزاد ہوگا اور ہمارے کشمیری بھائی بہن آزاد فضاء میں سانس لیں سکیں گے جن کا مرہون منت یقیناپاکستانی نوجوان نسل ہے جو جاگ اُٹھی ہے اور ہر جارحیت کا مقابلہ اپنی علمی فہم و فہراست سے کریں گے ۔ کیمپس ڈائریکٹر ڈاکٹر حسن بُچہ نے سیمینار کی غرض وغایت اور یونیورسٹی سطح کے طلبہ کے ذریعے کشمیریوں پر ہونے والے ظلم وستم سے نوجوان نسل کو آگہی اور کشمیریوں کی بھرپور حمایت اس سیمینار کا مقصد قرار دیا ۔ سیمینار میں طلبہ خدیجہ اکبر،سدرہ مجید،کشف الایمان ،صائمہ کنول،ارم افضال،خرم حنیف،ماورا شفیق اورمحمدعمران نے تقاریر کیں جبکہ ٹیبلوو خاکے ،مباحثے کے ذریعے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم وستم کی عکاسی کی ۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید ،ایم پی اے محمدطاہر رندھاوا،ڈی پی او عثمان اعجاز باجوہ ،ڈاکٹر حسن بچہ کی قیادت میں ریلی نکالی گئی ۔