لیہ( صبح پا کستان )طالب علموں کو درس و تدریس کے لیے حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں سلیبس کے مطابق اقدامات کے لیے سربراہان ادارہ اپنی تمام توجہ مرکوز رکھیں تاکہ کوالٹی ایجوکیشن کے فروغ کو یقینی بنایاجاسکے ۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول کے معائنہ کے موقع پرکہی ۔ ڈپٹی کمشنر نے مختلف کلاس رومز میں طلباء سے سوالات کیے اور ان کی تعلیمی کارکردگی کا جائزہ لیا ۔ ہیڈماسٹر خلیل احمدخان نے بورڈ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے ،طلباء کی تعداد ،اساتذہ کی موجودگی اور سکول کی مجموعی تعلیمی کارکردگی سے آگاہ کیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے بہتر ڈسپلن ،صفائی اور تعلیمی کارکردگی پر ادارے کے اساتذہ اور ہیڈماسٹرکو شاباش دی اوراسی جذبے قومی لگن سے ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔
بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے جنرل بس سٹینڈ پر مسافروں کے لیے ویٹنگ شیڈاور بس سٹینڈ پر صفائی و سیکورٹی کاجائزہ لیا ۔ بعدازاں انہوں نے ایل آرایم سنٹرکا دورہ کیا اور کاشتکاروں سے ٹوکن کے حصول ،انتقال اراضی،فردات و نقول کے اجراء کے سلسلہ میں معلومات حاصل کی ۔ مختلف شعبوں کا معائنہ کیا او ر انچارج کو ہدایت کی کہ یہ سنٹرکاشتکاروں کے لیے خدمت سنٹر کا نمونہ پیش کرے اس لیے اپنی خدمات کو مزید بہتر بنائیں ۔ اسی طرح تحصیل آفس کا معائنہ کیا اور مختلف اشٹام فروشوں کا ریکارڈ بھی چیک کیا ۔