لاہور: کیبل آپریٹرز نے ملک بھر میں بھارتی چینلز اور اشتہارات کے بائیکاٹ کااعلان کردیا ہے۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کے خلاف پاکستان کے کیبل آپریٹرز بھی میدان میں آگئے ہیں اور ملک بھر میں بھارتی چینلز کے بائیکاٹ کااعلان کر دیا ہے۔ صدر کیبل آپریٹرز آف پاکستان ملک فرقان نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کیبل آپریٹرز تمام بھارتی چینلز کا مکمل بائیکاٹ کرتے ہیں، کوئی بھی کیبل آپریٹر بھارتی فلم دکھائے گا اور نہ ہی کوئی بھارتی اشتہار چلائے جائیں گے۔
صدر کیبل آپریٹرز کا کہنا تھا کہ ہمارا نعرہ سب سے پہلے پاکستان ہے، کشمیر کی آزادی کی جنگ میں پاکستان بھر کے کیبل آپریٹرز پاکستان کے لیے تن من اور دھن کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں، اور پاک افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، کیبل پر کشمیر بنے گا پاکستان کا سلوگن چلایا جائے گا اور مودی کے ایجنڈے کو دنیا کے سامنے نے نقاب کریں گے۔
ملک فرقان نے کہا کہ غیر قانونی طریقے سے نشر ہونے والے بھارتی مواد کو روکنے کے لیے سیکیورٹی اداروں کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے، جس میں آئی ایس آئی ، ایم آئی، ایف آئی اے ، پیمرا اورکیپ کا نمائندہ شامل کیا جائے تاکہ کمیٹی غیرقانونی نشریات کے آئی پی ایڈریس کی تصدیق کرکے انہیں بلاک کرسکیں۔