لیہ( صبح پا کستان ) وفاقی محتسب آفس کیمپ آفس کے ذریعے سائلین کی اُن کے ضلع میں ہی شنوائی کے ذریعہ فیصلے کرنے کا بنیادی مقصد شکایات کے فوری ازالہ کی جانب اہم پیش رفت ہے ۔ یہ بات ریجنل ایڈوائزر وفاقی محتسب ملتان چودھری عبدالحمید خان نے ایم سی کمپلیکس میں کیمپ کے دوران وفاقی محکموں سے متعلقہ دی گئی درخواستوں کی سماعت کے موقع پر کہی ۔ ایکسین میپکو نعیم اختر سامٹیہ ،ایس ڈی او میپکو کوٹ ادو ،درخواست گزار اور ذراءع ابلاغ کے نمائندئے موجود تھے ۔ ایڈوائزر وفاقی محتسب نے اس موقع پر میپکو سے متعلقہ چار درخواستیں ضلع لیہ جبکہ ایک تحصیل کوٹ ادو کی سماعت کی اور ایکسین و ایس ڈی او میپکو کا موقف سننے کے بعد سائلین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے احکامات جاری کیے ۔ چوہدری عبدالحمید نے اس موقع پر بتایا کہ ملتان ریجن میں گزشتہ سال 340درخواستیں دائرہوئیں جبکہ رواں مالی سال کے دوران 1570درخواستیں دائرہوئیں اور ابتک سابقہ و موجودہ درخواستوں میں سے 1619درخواستوں کے فیصلے کیے جاچکے ہیں جو میپکو، ریلوئے ،پی آئی اے ،ایف آئی اے ،پی ٹی سی ایل ،سوئی گیس ،پوسٹ آفس و دیگر محکموں سے متعلقہ تھیں کو نمٹایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعوں میں کیمپ لگانے کا مقصد ان کی دہلیز پر محکموں کے افسران کے سامنے سماعت کے بعد فیصلے کرنے کا بنیادی مقصد انہیں فوری انصاف فراہم کرنا ہے ۔