لاہور. وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردو بدل کر دیا گیاہے 5 وزرائے کے قلمدان تبدیل کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق صمصام بخاری سے وزارت اطلاعات کا چارج واپس لے لیا گیاہے اور انہیں کنسولیڈیشن آف ہولڈنگ کا محکمہ سونپ دیا گیاہے ۔وزارت اطلاعات کا اضافی چارج میاں اسلم اقبال کو سونپ دیا گیاہے جبکہ راجہ بشار ت سے بلدیات کا محکمہ واپس لیتے ہوئے انہیں سوشل ویلفیئر اور بیت المال کا اضافی چارج دیدیا گیاہے ،سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کی وزارت محمد اجمل سے واپس لی گئی ہے اور انہیں چیف منسٹر انسپکشن ٹیم کی وزارت دی گئی ہے ۔ بلدیات کا محکمہ وزیراعلیٰ کے پاس رہے گا ۔یاسر حمایوں سے سیاحت کا قلمدان واپس لیتے ہوئے اسے وزیر کھیل تیمور خان کو دیدیا گیاہے ۔یاد رہے کہ صمصام بخاری سے قبل وزارت اطلاعات کا محکمہ فیاض الحسن چوہان کے پاس تھا تاہم متنازعہ بیان پر ان سے قلمدان واپس لے لیا گیا تھا لیکن اب دوبارہ انہیں کابینہ میں شامل کر لیا گیاہے ۔