لیہ( صبح پا کستان ) ورلڈ پاپولیشن ڈے سلسلہ میں سی ای او صحت کے آفس کمپلیکس میں محکمہ پاپولیشن ویلفیئراور محکمہ صحت کے اشتراک سے آگہی سیمینار کا انعقادکیاگیا ۔ سیمینار میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ڈاکٹر فیاض علی جتالہ ،ضلعی آفیسرپاپولیشن خواجہ محسن رسول،ایم این سی ایچ ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹر ڈاکٹرمزمل کریم،ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر جاوید اشرف،تحصیل آفیسرز عارف عزیزووسیم عباس،سوشل آرگنائزر غلام یاسین ،مہر نوید ،سوشل ویلفیئرکے افسران و اہلکاران،لیڈی ہیلتھ ورکرز،سماجی کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ سیمینار سے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ڈاکٹر فیاض علی جتالہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی محدود وسائل کے لیے خطرہ کی گھنٹی ہے مناسب پلاننگ کے ذریعہ ہم اپنے آنے والی نسلوں کوبہتر معیارزندگی فراہم کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فیملی پلاننگ نہ صرف بے ہنگم آبادی کے کنٹرول کے لیے ضروری ہے بلکہ ماں اور بچے کی بہتر صحت کی بھی ضامن ہے ۔ سیمینار سے ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئرآفیسر خواجہ محسن رسول ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کو کنٹرول کرنا وقت کا ناگریز تقاضا ہے ۔ اس سلسلہ میں عوام میں شعور اور آگہی بیدار کرنے کے لیے ہرفرد کو کردار ادا کرنا ہوگا ۔ مقررین نے کہا کہ صحت مراکز اور محکمہ پاپولیشن کے زیر اہتمام چلنے والے کیمپ میں ماں اور بچہ کی صحت ،مناسب وقفہ ،ادویات ،سرجری کی سہولیا ت دستیاب ہیں جہاں عوام رجوع کرسکتے ہیں ۔