لیہ( صبح پا کستان )معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب ایم پی اے سید رفاقت علی گیلانی نے کہا ہے کہ انصاف کی فراہمی اور جرم کے خاتمہ میں بار کاکردار کلیدی اہمیت کاحامل ہے ۔ ڈسٹرکٹ بار اور وکلاء کالونی کے دیرینہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے ۔ انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ بار ہال کونسل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر صدر بار ایسوسی ایشن اسلم خان سہیڑ،جنرل سیکرٹری مخدوم عزیرمہدی قریشی ،سینئروکلاء غلام مصطفی جونی،بار عہدیداران اور ممبران وکلاء کی بڑی تعداد موجودتھی ۔ ایم پی اے سید رفاقت علی گیلانی نے کہا کہ جنوبی پنجاب خصوصاً ضلع لیہ کی تعمیروترقی ان کا مشن ہے اور اس کے لیے وہ ہرفورم پراپنی آواز بلندکرتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدارکا ویژن کم ترقی یافتہ علاقوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنا ہے اور یہی وجہ ہے کہ جنوبی پنجاب کودیے گئے 4میگاپراجیکٹس میں سے ایک بڑا پراجیکٹ ماں اور بچے کا ہسپتال لیہ میں قائم ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں بہادر یونیورسٹی کیمپس بہت جلد ایک خود مختیار یونیورسٹی کی صورت میں کام کا آغاز کردے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کرپشن کے خاتمہ پر یقین رکھتی ہے اور اس کے لیے ٹھوس اقدامات اُٹھارہی ہے ۔ ایم پی اے سید رفاقت علی گیلانی نے صدر بار اور سینئروکلاء کی نشاندہی پر فوری طورپربار کے سیوریج سسٹم کی تکمیل اور بحالی کے لیے 15لاکھ روپے کے فنڈز دینے کا اعلان کیا ۔ تقریب سے صدر بار ارشد اسلم خان سیہڑ ،ایڈووکیٹ غلام مصطفی جونی،جنرل سیکرٹری مخدوم عزیر مہدی قریشی اور ایڈووکیٹ زمان خان نے بھی خطاب کیا ۔