لاہور. صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے محکمے میں انقلابی تبدیلیاں لا رہے ہیں، پنجاب میں سرکاری سکول اساتذہ کے تبادلوں کو محکمہ سکول ایجوکیشن اور پنجاب آئی ٹی بورڈ کے اشتراک سے وضع کردہ ای ٹرانسفر نظام سے منسلک کرنے سے نہ صرف سفارش کلچر سے نجات مل گئی ہے بلکہ اساتذہ کو انتہائی کم وقت میں تبادلہ کروانے کی سہولت ان کے موبائل فون پرحاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 20ہزار پوزیشنوں پر تبادلوں کیلئے قریباً 32ہزار آن لائن درخواستیں موصول ہوئی تھیں،پہلے مرحلے میں ضلعی سطح پرقریباً18 ہزار اساتذہ کو ضلعی ایجوکیشن اتھارٹیزکی تصدیق سےQR کوڈ پر مبنی ٹرانسفر آرڈر ان کے موبائل فون پرجاری کر دئیے ہیں، اگلے ہفتے وہ متعلقہ سکول سے منسلک ہو جائیں گے،اگلا مرحلہ بین الاضلاع تبادلوں کا ہو گا۔صوبائی وزیرتعلیم نے کہا کہ پنشن بک، سروس بک اور ریٹائرمنٹ جیسے مرحلوں کو بھی جلد آن لائن کر دیں گے تاکہ لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا ہوں۔ ڈاکٹر مراد راس نے تبادلوں کے عمل کو شفاف اور تیز تر بنانے پر سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی تعریف کی۔ تقریب میں محکمہ سکول ایجوکیشن اور پنجاب آئی ٹی بورڈ کے اعلیٰ حکام اور افسران بھی شریک ہوئے۔