لیہ( صبح پا کستان )وزیر اعلی پنجاب نے کم آمدنی والے افراد کے معاشی ریلیف کے لیے لگائے گئے سستے رمضان بازاروں سے اشیاء ضروریہ کی فراہمی کے لیے حقیقی مقاصد کے حصول تک مانیٹرنگ کے عمل کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات پر سختی سے عمل کیاجائے تاکہ ان بازاروں میں آنے والے ہزاروں صارفین حکومتی ریلیف سے مستفید ہوں سکیں ۔ یہ بات ضلع لیہ کی مانیٹرنگ پر مامور معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب سید رفاقت علی گیلانی نے سستے رمضان بازاروں فتح پوراور کروڑ کے معائنہ کے موقع پر کہی ۔ ڈپٹی کمشنربابربشیر ،اے سی کروڑ ملک فاروق احمد،صدر انجمن تاجران کروڑ حاجی مختیار حسین ،سی او ایم سی کروڑ مختیار حسین کھوکھر،سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی نوید اولکھ ہمر اہ تھے ۔ سید رفاقت علی گیلانی نے سستے رمضان بازاروں میں شکایات سیل ،میڈیکل کیمپس ،محکمہ زراعت ،مارکیٹ کمیٹی،یوٹیلٹی سٹور وانجمن تاجران کی طرف سے لگائے گئے سبزی ،فروٹ ،گوشت،چینی،آٹے ،دالوں ،مشروبات کے سٹالز کا معائنہ کیا جس میں انہوں نے اشیاء کی کوالٹی اور دستیابی کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر خریداری میں مصروف صارفین سے مارکیٹوں اور سستے رمضان بازاروں میں نرخوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں جس پرانہوں نے اطمینان کا اظہار کیا ۔ سیدرفاقت علی گیلانی نے سستے رمضا ن بازار میں چینی کی مقررہ وقت تک دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اسی طرح انہوں نے سستے رمضان بازاروں کے انتظام و انصرام کو اسی طرح برقراررکھنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ ڈپٹی کمشنر بابربشیر نے ضلع بھرکے چھ سستے رمضا ن بازاروں میں اشیاء خورد نوش سستے داموں دستیابی کے لیے طے شدہ میکزیم کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ سبزی منڈیوں اور مارکیٹوں کی مانیٹرنگ روزانہ کی جارہی ہیں اور سستے رمضان بازاروں میں معیاری اور تازہ اشیاء خورد نوش کی فراہمی کے لیے کڑی نگرانی کا عمل تمام ادارے سرانجام دے رہے ہیں ۔