لیہ( صبح پا کستان )ڈپٹی کمشنربابربشیر نے کہا کہ سستے رمضان بازاروں کے انعقاد کا بنیادی مقصد کم آمدنی والے افراد کو معاشی ریلیف فراہم کرنا ہے جس کے لیے تمام متعلقہ حکام اپنی خدمات تندہی ،محنت ،لگن اور دیانتداری سے سرانجام دیں تاکہ مقاصد کے حصول کو یقینی بنایاجاسکے ۔ یہ بات انہوں نے سستارمضان بازار ،کروڑ لعل عیسن کے معائنہ کے موقع پر کہی ۔ اے سی کروڑ فاروق احمد،فوکل پرسن رمضان بازار ڈاکٹر فیاض علی جتالہ ،صدر انجمن تاجران حاجی مختیار حسین ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنرنے تمام سٹالوں کامعائنہ کیا اور آٹے وچینی کے تھیلوں کا وزن کرواتے ہوئے چیک کیا ۔ اس موقع پر صدر انجمن تاجران حاجی مختیار حسین نے بتایا کہ عام مارکیٹوں میں رضاکارانہ طو رپر تاجر برداری ماہ صیام کے دوران تمام اشیاء ضروریہ رعایتی نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنارہی ہیں اور سستے رمضان بازار میں تمام سٹالز پر معیاری اشیاء کی فراہمی کے لیے بھی بھر پور تعاون کیا جارہا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے گوشت ،پھل اور سبزیاں تازہ فراہم کرنے کے لیے مارکیٹ کمیٹی کے حکام کو سختی سے ہدایات دیں ۔ پارکنگ ،سیکورٹی اور صفائی امور کو بھی مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنرنے صارفین سے بھی نرخوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا ۔