لاہور . پنجاب اسمبلی میں ’’راہ حق پارٹی ‘‘ کے پارلیمانی لیڈر مولانا محمد معاویہ اعظم طارق نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں شوبز سے وابستہ لوگ ٹی وی چینلز پر بیٹھ کر دوسروں کو دین سکھانے کی بجائے پہلے خود دین سیکھیں،جن لوگوں کو دین کا کچھ پتا نہیں ہے وہ ٹی وی پر بیٹھ کرلوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں ،قرآن کی روشنی میں یہ عمل قتل سے بڑا جرم ہے۔
تفصیلات کے مطابق ممتاز عالم دین اور رکن پنجاب اسمبلی مولانا محمد معاویہ اعظم طارق کا کہنا تھا کہ مدارس کو وزرات تعلیم کے ماتحت کرنا ایک اصولی فیصلہ ہے ،اس کی مخالفت نہیں کی جا سکتی تاہم اس اعلان سے قبل اگر وفاق المدارس اور دیگر وفاق کو اعتماد میں لے لیا جاتا تو زیادہ اچھا ہوتا ۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک عرصہ سے دیکھ رہے ہیں کہ حکومت کی جانب سے جعلی عاملوں اور اتائی ڈاکٹروں کے خلاف ایک آپریشن کیا جا رہا ہے ،جھوٹے عاملوں اور اتائی ڈاکٹروں کے خلاف تو آپریشن کیا جاتا ہے لیکن ایسے لوگ جنہیں دین کا کچھ پتا نہیں ہے اور وہ دین کے نام پر لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں،قرآن مجید کی نظر سے دیکھا جائے تو ایسے لوگ رمضان المبارک میں ٹی وی پر بیٹھ کر لو گوں کی ’رہنمائی ‘کے نام پر قتل سے بڑا جرم کر رہے ہیں ، ایسے لوگوں کو روکنا چاہئے اور اُنہیں بھی رمضان المبارک میں لوگوں کو دین سکھانے کی بجائے خود دین سیکھنا چاہئے کہ ہمیں دین کیا رہنمائی کرتا ہے ؟اس حوالے سے میں نے پنجاب اسمبلی میں ایک قرارداد بھی جمع کرا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ٹی وی چینلز پر سر عام ماہِ رمضان کے تقدس کی دھجیاں اڑانی بند ہونی چاہئیں ۔انہوں نے کہا کہ میں شوبز سے جڑے ہوئےلوگوں اور وہ جو دینی حلقوں سے وابستہ ہیں ان سے گذارش کرتا ہوں کہ خدا کے لئے پیسے کمانے کے سو طریقے ہو سکتے ہیں،پیسوں کے لئے اسلام کا مذاق اڑانا بند ہونا چاہئے ۔
مولانا معاویہ اعظم طارق کا کہنا تھا کہ رمضان تو اللہ تعالیٰ کا بہت بڑا انعام ہے ،وہ انعام جو اللہ تعالیٰ روزہ رکھنے اور تراویح پڑھنے والے کو قیامت کے روز حضور ﷺ کی شفاعت اور جنت میں اعلیٰ مقام کی شکل میں عطا کریں گے ،ٹی وی چینلز پر سحری و افطاری کے موقع پر ہونے والے شوز میں جس طرح کی فضول باتیں بے دھڑک کی جا رہی ہوتی ہیں ،یہ ساری چیزیں کسی صورت بھی رمضان کے احترام کے لائق نہیں ہیں ،کم از کم رمضان میں رمضان کا احترام نمایاں طور پر پیش کرنے کی کوشش کرنی چاہئے ۔