لاہور۔ گزشتہ کئی دنوں سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی تبدیلی کی افواہیں اور دعوے میڈیا کی زینت بنے ہوئے ہیں اور ترجمان وزیراعلیٰ ڈاکٹر شہباز گل کو مختلف محکموں کی انسپکشن کے اختیارات ملنے کے بعد یہ افواہیں مزید زور پکڑگئیں لیکن اب اس پر وفاقی وزیرعلی محمد خان کا موقف بھی آگیا۔
دنیا نیوز کے مطابق سرگودھا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پارلیمانی امورعلی محمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب ہمارے سیاسی کمانڈر ہیں، ہم ان کے ساتھ ہیں، انہیں کیوں تبدیل کیا جائے؟ وہ اپنا کام بہتر طریقے سے کر رہے ہیں۔ان کاکہناتھاکہ سیٹیزن پورٹل کے ذریعے وزیراعظم کو ملنے والی شکایت کے ازالے کیلئے مختلف اضلاع کا دورہ کر رہے ہیں،میرے پاس کئی درخواستیں میاں نواز شریف کے دور کی ہیں،کوشش کرررہے ہیں کہ متعلقہ اضلاع کے دورے کرکے موقع پر ہی سائلین کے مسائل حل کروائیں، نیب کے خوف سے ایماندار افسر کو نہیں ڈرنا چاہیے۔علی محمد خان نے کہا کہ میں اس بات کو تسلیم کرتا ہوں کہ مہنگائی ہے لیکن اس کی وجہ سابقہ حکومتیں ہیں۔ ہماری حکومت عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے پوری کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ تمام وزرا اپنی بھرپور کوششں کر رہے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ اگلے چھ ماہ مشکل ہونگے لیکن اس کے بعد بہتری آئے گی۔ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کے دور میں ایک ہزار ارب کے قرضے لیے گئے جو کسی نے تو ادا کرنے ہیں۔ قوم عمران خان پر اعتماد کرے۔ اگر اگلا ایک سال خیریت سے نکل گیا تو آگے آسانیاں ہیں