لیہ( صبح پا کستان )عمران خان شیرشاہ سوری کے بعدواحدحکمران ہے جس نے شجرکاری پر خصوصی توجہ دی۔پلانٹ فارپنجاب ہمارے بچوں کے مستقبل کے لیے نہایت ضروری ہے۔آئندہ چھ ماہ میں ملک کے مجموعی حالات بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہوں گے۔ضلع لیہ ان 13اضلاع میں شامل ہیں جس کے کسانوں کو بلاسود قرضوں پر ٹریکٹرز فراہم کریں گے ۔شہرکے لیے میگا سیوریج سکیم کے سلسلہ میں وزیر اعظم اور وزیر اعلی سے سفارش کروں گا،صوبائی وزیر امداد باہمی مہر محمداسلم بھروانہ۔میونسپل کمیٹی جناح ہال میں صاف و سرسبز پنجاب اور خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے آگہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر مہرمحمداسلم بھروانہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کو سرسبزبنانے کا عزم کیا ہے اور ان کے اس وژن کی جھلک کے پی کے میں بلین ٹری شجرکاری کی صورت میں دیکھی جاسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان شیر شاہ سور ی کے بعد واحدحکمران ہیں جنہوں نے درختوں کی اہمیت کو سمجھا اور شجرکاری پر خصوصی توجہ دی۔انہوں نے کہا کہ ضلع لیہ ان 13اضلاع میں شامل ہے جس کے کاشتکاروں کو بلاسود قرضوں پر ٹریکٹر دیے جائیں گے اور لیہ کے سیوریج مسائل کے خاتمہ کے لیے وزیر اعظم اور وزیر اعلی سے میگا سکیم کی سفارش کروں گا۔سیمینار سے معاون خصوی سید رفاقت علی گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کو کامیاب بنانامعاشرے کے ہرفرد کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی عوامی فلاحی مہم جاری رہے گی۔سیمینار سے ڈپٹی کمشنر بابربشیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کو سرسبز و شاداب بنانے میں کوئی کسراُٹھانہ رکھی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ درختوں کی افادیت اور اہمیت کو اجاگر کرنا وقت کا ناگریز تقاضہ ہے ۔تقریب میں اے سی لیہ کاشف نواز ،ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئرآفیسرخواجہ محسن رسول،ڈی ڈی سوشل ویلفیئرمشتاق حسین،عمران شاہ،سول سائٹی اور غیر سرکاری تنظیموں کے ممبرا ن نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔قبل ازیں صوبائی وزیر امداد باہمی برائے مانیٹرنگ ہفتہ صفائی مہر محمداسلم بھروانہ نے کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کے سلسلہ میں ڈی سی کمپلیکس کے سبزہ زار میں پودا لگایا اور پریس کلب سے ٹی ڈی اے چوک تک آگہی ریلی کی قیادت کی۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر کوڑاکرکٹ ڈمپنگ سائٹ کا بھی معائنہ کیا۔