لیہ(صبح پا کستان ) میونسپل کمیٹی عملہ کی نا اہلی، و لاپرواہی، سیوریج سسٹم بند، گلیاں تالاب میں تبدیل، گندگی کے ڈھیر، گھروں میں پانی داخل، محلہ شیخانوالہ کے رہائشیوں کی زندگیاں اجیرن، موذی امراض پھوٹ پڑے، مچھروں کی بہتات ، مکینوں کا میونسپل کمیٹی کے سامنے روڈ بلاک کر کے احتجاج، سیوریج سسٹم کی بحالی، گلیوں کی صفائی کا مطالبہ، تفصیل کے مطابق چیئرمین میونسپل کمیٹی و عملہ کی لاپرواہی و بے حسی کی وجہ سے محلہ شیخانوالہ کی تمام گلیاں گندے جوہڑوں میں تبدیل ہو چکی ہیں، گلیوں میں جمع گندہ پانی گھروں میں داخل ہونے لگا ہے جبکہ گندگی کے بھی انبار لگے ہوئے ہیں، گندہ پانی گھروں ہونے سے دیوروں کو نقصان کے ساتھ ساتھ موذی امراض بھی پھوٹ پڑے ہیں، گھروں میں مچھروں کی بہتات ہے، گلیوں میں گندہ پانی جمع ہونے کی وجہ سے بچوں ، بوڑھوں ، خواتین کا گھروں سے نکلنا مشکل ہو گیا ہے، مکین نماز کی ادائیگی کیلئے مساجد تک نہیں جا سکتے، محلہ شیخانوالہ کے رہائشیوں کی جانب سے چیئرمین میونسپل کمیٹی کو متعدد بار زبانی و تحریری درخواستیں گزاری گئیں مگر بے حسی و لاپرواہی کی وجہ سے توجہ نہ دی گئی ۔ گندگی اور گندے پانی کے عذاب سے تنگ مکینوں نے میونسپل کمیٹی کے گیٹ کے سامنے ایم ایم روڈ کو بند کر کے دھرنا دے دیا۔ دھرنا کے شرکاء کا محلہ شیخانوالہ سمیت شہر بھر سے گندے پانی کے خاتمے اور صفائی کا مطالبہ کے ساتھ چیئرمین کیخلاف کارروائی کا بھی مطالبہ ہے۔ احتجاج کرنے والے شیخانوالہ محلہ کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ میونسپل عملہ ہمارے محلہ کو علاقہ غیر سمجھتا ہے اور یہاں آنے سے کتراتا ہے، انہوں نے کہا کہ گندے پانی کے اس عذاب میں مبتلا میونسپل عملہ کی نا اہلی و لاپرواہی کی وجہ سے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ مجبور ہو کر دھرنا دیا ہے اب بھی اگر ہمارے محلہ کی صفائی نہ کی گئی تو پھر احتجاج کا سلسلہ مزید بڑھا دینگے۔