راجن پور( صبح پا کستان )ممکنہ سیلاب اور قدرتی آفات سے بچنے کے لیے متعلقہ محکموں کے سربراہان اپنی تیاری اور انتظامات کو مکمل کریں۔ پہاڑوں پر زیادہ بارش کی وجہ سے رود کوہی کے راستوں سے سیلابی پانی آنے کا خطرہ ہوسکتا ہے۔ یہ باتیں ڈپٹی کمشنر راجن پور رانا محمد افضل ناصر نے چیئرمین ضلع کونسل سردار عبدالعزیز خان دریشک کے ہمراہ قدرتی آفات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے دوران کہیں۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت، ریسکیو 1122، لائیوسٹاک، زراعت، تعلیم اور ریونیو کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ متوقع سیلاب سے نمٹنے کے لئے اپنی تیاریاں مکمل رکھیں۔ اس موقع پر ریسکیو 1122کے ایمرجنسی آفیسر رانا محمد یامین نے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اگر پہاڑوں پر زیادہ بارشیں ہوئیں تو بارش کا پانی سیلابی صورتحال اختیار کرسکتا ہے۔ممکنہ سیلاب کے پیش نظر لوگوں کو محفوظ بنانے کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عمران منیر، کو آرڈنیٹر پی ڈی ایم اے حافظ ممتاز، ڈسٹرکٹ آفیسر لیبر میاں جہانگیر، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت غلام یاسین اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔