ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان)صوبائی وزیر آبپاشی پنجاب سردار محسن خان لغاری نے کہا کہ پاکستان سب سے زیادہ زیر زمین پانی نکال کر استعمال کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے پانی کا بے دردی سے استعمال روکنا ہو گا۔پانی کا زیادہ استعمال فائدہ کی بجائے نقصان دہ ہے۔دستیاب آبی وسائل منصوبہ بندی کے ساتھ استعمال کئے جائیں۔صوبائی وزیر آبپاشی نے کہا کہ آلودگی سے زیر زمین پانی مضر صحت بن چکا ہے،ملکر صفائی یقینی بناناہوگی۔انہوں نے یہ بات ضلع کونسل ہال ڈیرہ غازیخان میں ہفتہ صفائی کے سلسلے میں منعقدہ آگاہی سیمینارسے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی . انہوں نے کہاکہ ملک میں 38 فیصد نہری پانی کی کمی تھی تاہم بارشوں سے ربیع کی فصل کے لئے نہری پانی موجود ہے۔صوبائی وزیر آبپاشی نے کہا کہ پانی کے وسائل کو ملکر آنیوالی نسل کے لئے محفوظ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صرف دو فیصد رقبہ پر جنگلات موجود ہیں۔درخت کاٹ کر کنکریٹ کے پہاڑ کھڑے کئے جارہے ہیں۔اینٹ اور کنکریٹ کی دیواریں ترقی نہیں۔محکمہ انہار کی زمین واگزار کراکے 2500 ایکڑ پر جنگلات لگائیں گے۔ سردار محسن خان لغاری نے کہا کہ کاشتکار ڈرپ اریگیشن ، ٹنل اوردیگر جدید طریقہ کاشت استعمال کر کے کم خرچ اور پانی سے زیادہ پیداوار حاصل کر سکتے ہیں . میڈیا سے با ت چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت رودکوہیوں کے پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے ڈیمز پر کام کر رہی ہے تاہم رودکوہیوں کا سیلابی پانی پتھر اور ریت ساتھ لاتا ہے جس سے ڈیمز سلٹ سے بھر جائیں گے اس لیے فزیبلٹی سٹڈی ضروری ہے. کمشنر بوائز سکاوٹس ؍سی ای او تعلیم عبدالغفار لنگاہ، ریجنل سکاوٹ ملک عرفان ، ڈسٹرکٹ آرگنائزرامجد نیاز عاربی اوردیگر کی طرف سے صوبائی وزیر کو سکاوٹس کااعزازی سکارف اورسرائیکی اجرک پہنائی گئی اس موقع پر شیلڈ بھی دی گئی صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر میاں محمد اقبال مظہر مہار او ردیگر افسران کے ساتھ مل کر ضلع کونسل کے لان میں اشوک کے پودے لگا کر وزیر اعظم کلین اینڈ گرین پاکستان مہم میں حصہ لیا۔ڈپٹی کمشنر میاں محمد اقبال مظہر مہار نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار عوامی مسائل کے بروقت حل کیلئے اقدامات کرر ہے ہیں. ڈیرہ غازی خان ضلع کو ملکر صاف اور سرسبز بنائیں گے۔سیمینار سے ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف ملک محمد اقبال ثاقب،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ملک محمد شاہد،ڈی ایف او مہر محمد آصف،چیمبر آف کامرس کے ذوالفقار علی نصوحہ،محبوب حسین اور دیگر نے بھی خطاب کیا تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز غلام رسول،غلام یسین،چیئرمین ایم سی کوٹ چھٹہ ظفر عالم گورمانی،سپرنٹنڈنٹ جیل مشتاق حسین،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ملک محمد رمضان،سی ای او تعلیم عبدالغفار اور دیگر موجود تھے.اس موقع پر ڈی پی ایس ، دانش سکول ، سٹی ہائی سکول ، گرلز ہائی سکول کے بچوں نے ملی نغمے ، ٹیبلوز ، خاکے اور تقاریر پیش کیں.