لیہ(صبح پا کستان )ڈپٹی کمشنربابر بشیر نے کہا ہے کہ 10ارب روپے کی زائد لاگت سے لیہ تونسہ پل ایسا میگا پراجیکٹ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان خان بزدار کا عوام کو آمدورفت کی معیاری سہولت فراہمی کا بڑا منصوبہ ہے جس کی تعمیر کے لیے متعلقہ ادارے دلجمعی ،لگن اور محنت سے تکمیل کو یقینی بنائیں۔یہ با ت انہوں نے ترقیاتی منصوبے کے معائنہ کے موقع پرکہی۔اس موقع پرپراجیکٹ ڈائریکٹر مجاہد رضا نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ96پیلرز پرمشتمل پونے دو کلومیٹر طویل دریائے سندھ پر بنائے جانے والے پل کے ابتدائی طور پر 41پیلرز کا پہلے مرحلے کا کام مکمل کیاجاچکا ہے اور پل پر 4رویہ سٹرک کے لیے 276گرڈرزتعمیر کیے جارہے ہیں جن میں سے 71گرڈرز مکمل ہوچکے ہیں ۔ڈپٹی کمشنر بابر بشیر نے تعمیراتی کام کے مختلف حصوں کو معائنہ کیا اور کہا کہ لیہ تونسہ کی عوام کے لیے آمدورفت کا ذریعہ ہی نہیں فروغ تجارت کے لیے اہم پراجیکٹ ہے جس کی تکمیل کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل پیشہ وارانہ ذمہ داریوں سے اعلی تعمیراتی میٹریل کے استعمال کو یقینی بناتے ہوئے پایہ تکمیل تک پہنچائیں ۔اس موقع پر ضلعی آفیسر ڈیزاسٹر مینجمنٹ جنید خان نیازی ہمراہ تھے۔