ڈیرہ غازیخان. ( صبح پا کستان) ۔ ثانوی و اعلی ثانوی تعلیمی بورڈڈیرہ غازیخان کے زیر اہتمام میٹرک سالانہ امتحانات یکم مارچ سے شروع ہورہے ہیں جس کیلئے تمام اہل امیدواروں کو رولنمبر سلپس ارسال کر دی گئی ہیں اور ڈوپلیکیٹ سلپس کا اجراء شروع کردیا گیا ہے ڈپٹی کنٹرولر امتحانات شیخ امجد حسین نے کہا ہے کہ ریگولر امیدواروں کی رولنمبر سلپس ان کے ادارہ جات جبکہ پرائیویٹ امیدواروں کی رلنمبر سلپس ان کے داخلہ فارم پر درج پتہ جات پر ارسال کی گئی ہیں تاہم اگر کسی طالب علم کو رولنمبر سلپ موصول نہ ہو تو وہ فوری طو رپر بورڈ کی متعلقہ برانچ سے رجوع کر کے ڈوپلیکیٹ رولنمبر سلپ حاصل کرلے کیونکہ رولنمبر سلپ کے بغیر امتحان دینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور امیدوارصرف بورڈ کی طرف سے جاری کردہ دستخط و مہر ثبت شدہ سلپ پر ہی امتحان دے سکیں گے. ڈپٹی کنٹرولر نے کہاکہ . جن امیدواروں کو بورڈ کی طرف سے اعتراضاتی مراسلہ بسلسلہ کمی فیس ، تبدیلی مضمون ، ب فارم کی فراہمی ، تصدیق وغیرہ موصول ہو وہ فوری طور پر اپنے اعتراضات دور کرا لیں . شیخ امجد حسین نے بتایا کہ یکم سے 16مارچ تک دسویں اور 18 مارچ سے 3، اپریل تک نہم کاامتحان ہو گاجبکہ پریکٹیکلز کا انعقاد 5سے 25اپریل تک ہو گا . انہو ں نے بتایا کہ امتحان کے پر امن اور شفاف انداز میں انعقاد کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر لیے گئے ہیں اور امتحانی سنٹرز کی چیکنگ کیلئے افسران متعین کر دیئے گئے ہیں .