لیہ(صبح پا کستان) میپکو افسران و اہلکاران صارفین کو ادارے سے معیاری سروسز کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ مسائل کو کم سے کم کرتے ہوئے کارکردگی میں اضافہ کو ممکن بنایاجاسکے۔یہ بات ایس ای میپکومظفر گڑھ سرکل محمدسلیم خان نے میپکوکمپلیکس لیہ میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوے کہی۔کھلی کچہری میں چیئرمین ایم سی لیہ حافظ جمیل احمد،صدرانجمن تاجران مظفراقبال دھول،ایکسین واپڈامحمد نعیم سامٹیہ اور ضلع بھر کے واپڈا افسران موجود تھے۔کھلی کچہری میں 70صارفین جن میں کونسلرملک عبدالعزیز ایڈووکیٹ ،اظہر حسین چانڈیہ ،علی رضا ایڈووکیٹ ،سابق صدرتاجران واحد بخش باوری،قیصرانصاری،سلیم دانش ظہور بزدار،شیخ بدرمنیرشامل ہیں نے ٹرانسفارمرز کی اپ گریڈیشن ،ایل ٹی پول کی تنصیب،کمبھوں پرلٹکتے میٹرز کو ترتیب سے لگانے،اوور بل،ناجائز مقدمات بنانے اور سروس تاروں کی تبدیلی ایسی معاملات کے بارے میں انفرادی و اجتماعی مسائل سے آگاہ کیا۔زاہد واندر نے کوٹ سلطان میں ایل ٹی پول کی تنصیب بجلی کے بلوں کی بروقت فراہمی،زائد یونٹ ڈالنے ایسے امور کے بارے میں درخواست پیش کی۔ایس ای میپکونے تمام درخواستوں پر احکامات جاری کرتے ہوئے میٹرز کی فوری فراہمی اور ناجائز بلوں کے خاتمے کے لیے احکامات جاری کیے۔انہوں نے کہا کہ صارفین کنکشن کے حصول کے لیے آن لائن رجسٹریشن کروائیں تاکہ انہیں جلدکنکشن دیاجاسکے۔انہوں نے واپڈاافسران کو ہدایت کی کہ وہ معیاری سروسز کی فراہمی ،بجلی چوری کی روک تھام ،ٹرانسفارمرز کی اپ گریڈیشن اور درستگی کے لیے اپنے فرائض مکمل ذمہ داری سے سرانجام دیں۔