لیہ (صبح پا کستان)ووٹرز کی سوفیصدرجسٹریشن جمہوری نظام کے استحکام اور ملکی وسائل کی مساوی تقسیم و منظم قانون سازی کے لیے کلیدی اہمیت کی حامل ہے جس کے لیے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے صاحب الرائے افراد الیکشن کمیشن کی مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔یہ بات ڈپٹی کمشنر بابر بشیر نے نیشنل ووٹر ڈے کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔سیمینار میں معاشرے کے نمائندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ملک جاوید اقبال نے قومی ووٹر ڈے منانے کی اہمیت و افادیت ،31دسمبرتک مستقل یاعارضی پتہ پر ووٹ کے اندراج اور رجسٹریشن کے عمل کے بارے میں آگاہ کیا۔نادرا آفیسرمحمدعمران نے شناختی کارڈ کی تیاری اور ترسیل کے بارے میں بتایا۔ سیمینار سے چیئرمین حافظ جمیل احمد، ممبرضلع کونسل شگفتہ حسین ،فرید اللہ چوہدری ،میڈم صوبیہ ،سیدعمر ان علی شاہ ،نزہت یاسمین ایڈووکیٹ ،پرنسپل ٹیکنیکل کالج وومن میڈم رابعہ نے خطاب کرتے ہوئے ووٹر کی جمہوری عمل میں اہمیت وتقدس ،جمہوری نظام کی مضبوطی کے لیے بنیادی اہمیت اور گھرگھرآگہی کے ذریعے ووٹ کے اندراج کو یقینی بنانے کی ضرورت ایسے امور پر روشنی ڈالی۔ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جن معاشروں میں رائے عامہ کو بھرپور اہمیت دی جاتی ہے وہ معاشرے تعمیر وترقی کے میدان میں ہمیشہ کامیاب وکامران ہوتے ہیں کیونکہ عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے اقتدار کا فیصلہ کرتے ہیں اور جمہوری نظام کے تسلسل میں کردار کی اکائی صرف اور صر ف ووٹرز ہی ہیں۔