لیہ (صبح پا کستان)سپیشل پرسن کے لیے حکومتی پیکجز کا بنیادی مقصدانہیں معاشرے کے دیگر افراد کے برابر حقوق دینا مقصود ہے جس کے لیے معاشرے کے تمام افراد اور سرکاری ادارے انہیں اسی جذبے کے تحت ٹریٹ کریں۔یہ بات سی ای او صحت ڈاکٹر امیر عبداللہ سامٹیہ نے معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر سماجی شعور کی بیداری کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال سے نکالی گئی واک کے اختتام کے موقع پر کہی۔واک محکمہ سوشل ویلفیئرکے زیر اہتمام نکالی گئی جس میں ڈی ڈی سوشل ویلفیئرمشتا ق حسین ،سماجی کارکنوں عمران علی شاہ ،محسن رضا اعظمی،ناصر حسین شاہ،نزہت یاسیمین ایڈووکیٹ ،سائقہ رانی کے علاوہ این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ڈاکٹر امیر عبداللہ سامٹیہ نے کہا کہ معذوروں کا عالمی دن منانے کا بنیادی مقصد معاشرے کی توجہ سپیشل پرسن کے مسائل اور ان کے حل کی جانب مبذول کرانا ہے جس کے لیے ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ انہیں برابری کے حقوق دیتے ہوئے یکساں سلوک کیا جائے۔ڈی ڈی سوشل ویلفیئرمشتاق حسین نے کہا کہ معذوری سے بچاؤ کا عالمی دن منایاجانے کا مقصد عوام میں نہ صرف شعور وآگہی بلکہ دینی اور اخلاقی فریضے کی ذمہ داری کو اجاگرکرنا بھی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع لیہ میں 101خصوصی افراد کو مختلف محکموں میں ملازمتوں کی فراہمی ،5ہزار سے زائد افراد کی خدمت کارڈ کے ذریعے مالی امداد ،دو ہزار افراد کی رجسٹریشن کے بعد انہیں امداد فراہم کرنے ایسے اقدامات پر عمل درآمد کے ذریعے خصوصی افراد کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں اور ان کے دفتر میں خصوصی کاونٹرز کے ذریعے ہمہ وقت مدد کی جارہی ہیں بعدازاں ملکی سلامتی و استحکام کے لیے دعاکی گئی ۔