لیہ (صبح پا کستان)ڈسٹرکٹ ڈرگ کوالٹی کنٹرول بورڈ نے زائد المیعاد،ناقص اور بغیر لائسنس ادویات فروخت کرنے پر 19افراد کو مختلف سزائیں دیں ۔اس بات کافیصلہ ڈپٹی کمشنر بابربشیر کی زیر صدارت کمیٹی روم میں منعقدہ ڈسٹرکٹ ڈرگ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس میں کیاگیا۔اس موقع پر سی ای او صحت ڈاکٹر امیر عبداللہ سامٹیہ اور متعلقہ افسران موجود تھے۔اجلاس میں 19افراد کے معاملات زیر بحث لائے گئے جس میں 8افراد اللہ بخش ڈونہ،مرزا وجاہت ،احسان اللہ ،قمر محمود،شاہد، عطااللہ ،لیاقت اور حاجی کاشف کے کیسز کی مزید کارروائی کے لیے سفارش کی گئی ۔اسی طرح آٹھ افراد رمضان ،اشرف،فاروق،ذیشان ،منظور ،اصغر ،عبدالرحمان اور عبدالغفور کو وارننگ جاری کی گئی ۔کمیٹی نے حاجی کاشف کے خلاف غلط بیانی اور ریکارڈ میں ردو بدل کرنے پر ایف آئی آر کے اندراج کی بھی سفارش کی ۔اجلاس میں دو میڈیکل سٹور سیل کرنے کا فیصلہ بھی کیاگیا۔ڈپٹی کمشنر بابربشیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں کسی کو زائد المیعاد ادویات کی فروخت اور اتائیت کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔انہوں نے کہا کہ غیر معیاری اور زائد المیعاد ادویات انسانی زندگی کے لیے انتہائی خطرناک ہیں اس کاروبار میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ زائد المیعاد غیر ضروری ادویات کی فروخت اور اتائیت کی روک تھام کے لیے بھرپورکارروائی کی جاے اور کی دباؤ کو خاطر میں نہ لایاجائے۔