لیہ(صبح پا کستان )ملک بھر کی طرح ضلع لیہ میں بھی یوم دفاع وشہدا ء پاکستان کی تقریبات جوش و جذبہ عقیدت و احترام سے منائی گئیں ۔مرکزی تقریب ڈی پی ایس بوائز ونگ میں منعقدہوئی جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر رفاقت علی نسوانہ اور میجروقاص اکبر تھے۔تقریب میں شہداء کے اہلخانہ ،معززین شہر ،سرکاری افسران،پرنسپل غلام عباس بخاری ،میڈیا نمائندگان اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔میجر وقاص اکبر نے پرچم کشائی کی اورقومی ترانہ پڑھا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوے ڈپٹی کمشنر رفاقت علی نسوانہ نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے کے لیے افسران و جوان ہمارا فخرہیں اور ہم ان کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سول سائٹی پاک آرمی کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہم ملی اتحاد و یکجہتی کے ذریعے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملادیں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوے میجر وقاص اکبر نے کہا کہ پاک فوج کے افسران و جوان وطن کی حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور اس کی سالمیت پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم شہداء کو بھولتے نہیں اور ان کے اہلخانہ کو کبھی تنہانہیں چھوڑے گے۔تقریب میں طلبہ اظفر خان ،قریش گروپ وساتھی صہیب بھٹی ،مبشر بھٹی ،عبدالروف،اقراء منظورنے یوم دفاع اورشہادت کے فلسفہ کے حوالے سے ملی نغمے ،خاکے اور تقاریر پیش کیں۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر رفاقت علی نسوانہ ،میجر وقاص اکبر نے شہداء کے اہلخانہ میں یادگاری شیلڈز پیش کیں اور شہدا ء کے درجات کی بلندی اور وطن عزیز کی سلامتی و استحکام کے لیے دعا مانگی گئی ۔اسی طرح کی تقریبات ضلع بھرکے مختلف سکولوں و کالجز لیہ،کوٹ ،چوبارہ ،فتح پور میں بھی منعقدہوئیں جن میں وطن عزیز کی حفاظت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے عظیم شہداء کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔