لیہ (صبح پا کستان ) کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن رانا گلزار احمدنے کہا ہے کہ عوامی نمائندوں کی مشاورت سے نئے پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے افسران میرٹ اور شفافیت کے لیے عملی اقدامات اُٹھائیں۔انہوں نے یہ بات ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اور ضلعی افسران کے تعارفی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں ایم این اے ملک نیاز احمد جکھڑ،ایم این اے عبدالمجید خان نیاز ی،ایم پی اے سردار شہاب الدین خان سیہڑ،ایم پی اے سید رفاقت علی گیلانی،ایم پی اے ملک احمد علی اولکھ ،ڈپٹی کمشنر رفاقت علی نسوانہ،چیئرمین ضلع کونسل ملک عمر علی اولکھ ،ضلعی صدر پی ٹی آئی چوہدری بشارت رندھاوا،چیئرمین ایم سی کروڑ افتخار خان نیازی نے شرکت کی۔کمشنر ڈی جی خان ڈویژن رانا گلزار احمدنے کہا کہ کرپشن فری سٹیٹ اور انصاف کی بالادستی کے حکومتی ویژن پر سوفی صدعمل درآمد کو یقینی بنایاجائے گااور اسی سلسلہ میں کرپٹ پریکٹس کو ہرگز برداشت نہیں کیاجائے گا۔انہو ں نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی فلاح و بہبود کے تما م تر منصوبوں کو عوامی نمائندوں کی مشاورت سے تیار اور اور اعلی معیار کے مطابق بروقت تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ عوام تبدیلی کے ثمرات سے مستفید ہوسکیں ۔اجلاس سے ممبر قومی اسمبلی ملک نیاز احمد جکھڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن ’’عوام کی فلاح و بہبود‘‘کا قائل ہوں ہمارا ویژن اورنج ٹرینیں چلانا نہیں بلکہ عوامی فلاح کے منصوبوں پر کام کرنا ہے اور ضلع لیہ میں تمام عوامی نمائندوں کو ساتھ لے کر چلتے ہوئے انتظامیہ سے مشاورت کے ذریعے ضلع کی عوام کو مختلف النوع مسائل سے چھٹکارا دلا کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی عبدالمجید خان نیازی نے کہا کہ سابقہ ادوار میں نظرانداز کیے گئے علاقوں کی ترقی اولین ترجیح ہونی چاہیے ۔انہوں نے غیر ضروری لوڈ شیڈنگ اور چوریوں کے سدباب کے لیے بہتر منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔ممبر صوبائی اسمبلی سردار شہاب الدین خان سہیڑنے کہا کہ تمام ضلعی محکمے اراکین اسمبلی سے باہمی مشاورت کے ذریعے میرٹ کی بالا دستی کو یقینی بناتے ہوئے ترجیحات مقرر کریں اور عوامی نمائندوں کو ان کا درست مقام دینے کے لیے اپنی سمت بہتربنائیں اور دریائی کٹاؤ سے قیمتی اراضی دریا برد ہونے سے بچاؤ کے لیے فوری اقدامات عمل میں لانے کی ضرورت پر زوردیا ۔ممبرصوبائی اسمبلی سید رفاقت علی گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے حلقے کی عوام کے لیے فوری انصاف کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کے اجراء کے عزم کا اظہار کیا۔ایم پی اے ملک احمد علی اولکھ نے خطاب کرتے ہوے ضلع میں صحت اور تعلیم کے شعبے میں مزید اصلاح لانے اور محرم الحرام سے قبل امن و امان کے قیام کے لیے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ضرور ت پر زور دیا۔ضلعی صدر پی ٹی آئی بشارت رندھاوا نے خطاب کرتے ہوے اشتمعال اراضی کے معاملات کو نمٹانے ،غیر قانونی زمینوں کی الاٹمنٹ کو روکنے ،غیر ضروری تبادلوں سے اجتناب کرنے ،پولیس کے گشت وپڑتا ل کے نظام کو بہتر بنانے ،غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور سروس لائنوں کی درستگی ایسے معاملات کے بارے میں آگاہ کیا۔اجلا س میں ڈپٹی کمشنر رفاقت علی نسوانہ نے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کی تجاویز پر عملدرآمد کرنے کی یقین دہانی اور دریائی کٹاؤ سے بچاؤ کے لیے سپر بندوں کی سیریز کے بارے میں بتایا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈی جی خان رانا گلزار احمد نے کہا کہ گراس روٹ لیول تک ترقی کے ثمرات پہنچانے کے سلسلہ میں ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کی آرا ء کی روشنی میں تمام انتظامی افسران اور قومی تعمیر وترقی کے محکمے اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ و ہ نئے پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے اپنے اپنے اداروں میں حکومتی ہدایات کی روشنی میں اصلاحاتی عمل کو یقینی بنائیں تاکہ عام آدمی تبدیلی کے ثمرات سے جلد مستفید ہوسکیں۔