چوک اعظم( صبح پا کستان ) عوامی مسائل کے حل کے لیے بلدیاتی اداروں کا کردار انتہائی اہم ہے ۔لوگوں کے معیارِ زندگی کو بہتر کرنے میں بلدیاتی اداروں کے سربراہان اور عوام کا مشترکہ پلان ضروری ہے ۔اِن خیالات کا اظہار پراجیکٹ منیجر ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل پاکستان اشفاق احمد ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی ڈبلیو ایس محمد حیات سیال ،جنرل سیکرٹری ہیلتھ اینڈ پیس فاؤنڈیشن ڈاکٹر افضل ندیم سیال ،چیئرمین یونین کونسل سہارن طاہر سفیان بھٹی ،وائس چیئرمین زاہد حبیب انبالوی ،صدر سانول سنگت محمد صابر عطاء تھہیم نے گزشتہ روز شیریں ہال میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سیمینار کا اہتمام ہیلتھ اینڈپیس فاؤنڈیشن نے ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل پاکستان کے اشتراک سے کیا ۔
سیمینار کے مقررین نے اپنے اپنے خطابات میں کہا کہ دنیا میں ترقی کی ضمانت صرف بلدیاتی ادارے ہوتے ہیں ۔نچلی سطح پر پیدا ہونے والے مسائل کو حل کرنے کے لیے بلدیاتی اداروں کے عوامی نمائندگان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے ۔مقامی سطح پر ہی عوام اپنے نمائندے کے ذریعے نہ صرف علاقائی ترقی کرواسکتی ہے بلکہ اِن نمائندگان کا احتساب بھی ہو جاتا ہے ۔سیمینار کے شرکاء نے سیمینار میں موجود عوامی نمائندوں سے ترقیاتی کاموں اور عوامی فلاح سے متعلقہ منصوبوں کے حوالے سے سوالات بھی کیے ۔
سیمینار میں سابق صدر کمیونٹی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن محمد عمر شاکر ،عبدالقیوم ،مبین احمد ،عبدالرزاق سیال ،عبدالشکور سیالوی ،ناصر حیات ،عامر ساگر ،ملک عثمان ،محمد حنیف۔نثار احمد گجر ،محسن خان اور دیگر بھی موجود تھے ۔