لیہ(صبح پا کستان)یوم آزادی کی تقریبات کوسادہ مگر پروقار اندازمیں منانے کے لیے متعلقہ سرکاری ادارے، تاجر تنظیمیں اپنا بھر پور کردار ادا کرتے ہوئے تقریبات کو شایان شان طریقہ سے منانے میں موثر کردار ادا کریں۔یہ بات ڈپٹی کمشنر رفاقت علی نسوانہ نے جشن آزادی کے پروگرامز کو پروقار انداز میں منانے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی یو م آزادی کی مناسبت سے تعلیمی اداروں میں نعت خوانی ،ملی نغموں ،تقریری و کھیلوں کے مقابلے منعقد کروانے،تجارتی مراکز ،بازاروں، بنک و پٹرول پمپس پر قومی پرچم لہرانے، خصوصی سجاو ٹ کرنے اور تمام سرکاری اداروں کی عمارات پرقومی پرچم لہرانے،سرکاری ملازمین کو بیجز لگانے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں طے کیا گیا کہ یوم آزادی کی تقریبات ضلعی صدر مقام کے علاوہ کروڑ ،چوبار ہ میں بھی منائی جائیں گی جہاں قومی پرچم لہرانے کے علاوہ دیگر تقریبات ہوں گی۔ہسپتالوں میں مخیرحضرات کے تعاون سے مریضوں میں پھل اور مٹھائیاں تقسیم کی جائیں گی۔