ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان).ضلع ڈیرہ غازیخان میں 4رمضان بازار 14مئی سے فنکشنل کیے جائیں گے . انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے . رمضان بازاروں میں معیاری اشیاء مارکیٹ کی نسبت سستے داموں فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا. اس بات کافیصلہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو میاں محمد اقبال مظہر مہار کی زیر صدارت اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں کیاگیا. ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ رمضان بازاروں کی کامیابی کیلئے متعلقہ محکمے قریبی رابطہ رکھیں . حکومت پنجاب کی ہدایت پر رمضان بازاروں اور عام مارکیٹ میں گرین تھیلے میں آٹا فراہم کیاجائے گااور ماہ صیام کے دوران سفید تھیلے میںآٹے کے فروخت پرپابندی عائد کی گئی ہے اس لیے محکمہ خوراک اور دیگر محکمے حکومت کی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں . اجلاس میں بتایاگیاکہ رمضان بازاروں میں مخصوص پیکنگ میں ایک کلو چینی 46روپے اور دو کلو چینی 92روپے میں فروخت کی جائے گی. ہر رمضان بازار میں فیئر پرائس شاپس قائم ہوں گی جہاں پھل اور سبزیوں سمیت 17اشیاء دستیاب ہوں گی . 11اشیاء ہول سیل نرخ پر جبکہ چھ اشیاء پر سبسڈی دی جائے گی. رمضان بازاروں میں خواتین اور بزرگوں کے بیٹھنے کیلئے الگ انتظام کیا جائے گا . سکیورٹی ، پارکنگ اور دیگر سہولیات کو مانیٹر کرنے کیلئے ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں . اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غلام یاسین ، اسسٹنٹ کمشنرز شاہد عباس کاٹھیا ، عبدالجبار، ڈی ایم اومحمد اسد علی ، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر توصیف طاہر ، ای اے ڈی اے اطہر جلیل ، ڈی ایف سی ذوالفقار احمد ، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی علی عباس کھوسہ کے علاوہ مختیار احمد جتوئی اوردیگر موجود تھے .