لیہ (صبح پا کستان ) سستے رمضان بازاروں میں معیاری اور تازہ اشیائے خورد نوش پر مشتمل سٹالز لگانے کے لیے متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور تعاون کے ذریعے عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ صارفین کو سستے رمضان بازاروں سے مستفید کیا جاسکے ۔یہ بات ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے سستے رمضان بازاروں کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں اے ڈی سی ریونیو مہر امجد سلیم سرگانہ ،اے ڈی سی جی محبوب احمد ،اے سی لیہ عابد کلیار ،اے سی کروڑ احمد فراز اعوان ،اے سی چوبارہ ارشد احمد وٹو،ڈی ایف سی زاہد پرویز ،ای اے ڈی اے طارق محمود،سی اوضلع کونسل شیخ محمد قاسم شکیل ،سینئرویٹرنری آفیسرڈاکٹر طارق گدارا ،سول ڈیفنس آفیسر رب نواز گورمانی ،ایس این اے ناصر محمود کے علاوہ لیہ،کروڑ ،فتح پور ،چوک اعظم،چوبارہ کے میونسپل کمیٹیوں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈی او انڈسٹری محمد عبداللہ نے چھ سستے رمضان بازاروں کے انتظام و انصرام ،پھل ،سبزیوں ،کریانہ،گوشت ،مشروبات،یوٹیلٹی سٹورکے سٹالوں ،خریداروں کے لیے سہولیات ،سیکورٹی انتظامات ،مانیٹرنگ میکزیم کے بارے میں تفصیلی طور پر بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سستے رمضان بازاروں میں صارفین کو تمام اشیائے خورد نوش مارکیٹ نرخوں سے کم نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ایس او پی پر عمل درآمد کے سلسلہ میں باہمی رابطے و تعاون کے ذریعے اقدامات عمل میں لانے کی ہدایت کی۔