لیہ (صبح پا کستان )ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے ہدایت کی ہے کہ ضلع بھر کے تمام 9گندم خریداری مراکز پر کاشتکاروں کی فہرستیں نمایاں مقام پر آویزاں کی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ 8اپریل تک کاشتکاروں کی شکایات و اعتراضات وصول کرکے ان کا فی الفور ازالہ کیا جائے ۔انہوں نے یہ ہدایات کمیٹی روم میں گندم خریداری مہم کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر اے ڈی سی آر امجد سلیم سرگانہ،اے سی کوآرڈینیشن صفات اللہ خان،اے سی لیہ عابد کلیار،ڈی ایف سی چوہدری ذوالفقار،ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر محمد طارق ،ڈپٹی ڈائریکٹرزراعت چوہدری غلام رسول اور پاسکو افسران موجو دتھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ 15اپریل سے قبل گندم خریداری مہم کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ گندم کی شفاف خریداری مہم کے لیے کاشت کاروں کی فہرستیں لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سنٹرکے ریکارڈ سے تصدیق شدہ ہونی چاہیے اس سلسلہ میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے متنبہ کیا کہ گندم خریداری مہم پر اثر انداز ہونے والے مڈل مین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ صرف کاشت کار ہی حکومتی سہولیات سے مستفید ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کی سہولت کے لیے تمام خریداری مراکز پر بیٹھنے کی سایہ دار جگہ ،پینے کا صاف ٹھنڈا پانی اور صفائی کا خاص خیال رکھاجائے۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر مسائل کے فوری حل کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔