لیہ(صبح پا کستان) گرمیوں کی آمد، ملاوٹ و دو نمبر مافیا کی لوٹ مار شروع، لالچی ،بے حس تاجروں کا معصوم بچوں کی زندگیوں سے کھیلنا جاری ، مضر صحت آئس کریم بچوں کا شکار کرنے لگی، فوڈ اتھارٹی کی عدم دلچسپی سے مضر صحت آئس کی تیاری و فروخت میں تیزی ، ضلع بھرمیں سپلائی، بڑی فیکٹری نے بڑی پروڈکشن شروع کر دی، مضر صحت آئس کریم کھانے سے بچے گلہ، سانس، معدہ ، سینہ سمیت دیگر امراض کا شکار ہو رہے ہیں، چلڈرن سپیشلسٹ، دونمبر مضر صحت آئس کریم کی فروخت کو بند کیا جائے، والدین، تفصیل کے مطابق مضرصحت اجزاء سے آئس کریم کی تیاری و فروخت دھڑلے سے جاری ہے جس سے موذی امراض میں اضافہ ہورہاہے ضلع بھر میں 15سے زائد پوائنٹس جن میں لیہ شہر میں 4،کوٹ سلطان میں 2کروڑ میں 2،فتح پورمیں 4،چوک اعظم میں 2کے علاوہ متعدد مقامات پر مضر صحت کیمکل سے تیار آئس کریم کی سپلائی کے پوائنٹس موجود ہیں ضلع انتظامیہ کی طرف سے گذشتہ سیزن کے دوران مضر صحت کیمیکلز رنگ کرنے والے کلرز،ٹاٹری،غیر معیاری خشک دودھ،غیر معیاری کھلے گھی کی بڑی مقدار برآمد کرکے لیہ شہر سمیت مضافات میں قائم متعدد پوائنٹس سیل کردئیے گئے تھے،بڑی فیکٹری سمیت چھوٹے بڑے متعدد مقامات پر اس سیزن میں دوبارہ آئس کریم کی تیاری پھر شروع ہو گئی ہے جبکہ رنگ برنگے بغیر رجسٹریشن کے ریپرز میں آئس کریم کی ضلع بھرمیں سپلائی جاری ہے جس سے ڈی ایچ کیو ہسپتال سمیت دیگر ہسپتالوں میں بچہ وارڈز میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس حوالے سے چلڈرن سپیشلسٹ ڈاکٹر خالد نعیم نے بتایا کہ مضر صحت آئس کریم کھانے سے بچے گلہ،سانس،معدہ،سینہ سمیت دیگر موذی امراض کا شکار ہورہے ہیں جبکہ ہسپتال میں بچوں کے داخلہ کی شرح میں بھی اضافہ ہو رہا ہے شہریوں عارف پنوں،ندیم عباس،اختر عباس،محسن عباس،اظہر حسین و دیگر نے ضلعی فوڈ اتھارٹی سے مطالبہ کیا کہ ضلع بھر میں مضر صحت آئسکریم فروخت و تیاری کرنے والے تمام لوگوں کے خلاف کاروائی کی جائے ۔